الیکشن کمیشن کا وفاقی وزیر اعظم سواتی سے الزامات کے ثبوت مانگنے کا فیصلہ

الیکشن کمیشن کا وفاقی وزیر اعظم سواتی سے الزامات کے ثبوت مانگنے کا فیصلہ
الیکشن کمیشن کا وفاقی وزیر اعظم سواتی سے الزامات کے ثبوت مانگنے کا فیصلہ

  

اسلام آبا د(ڈیلی پاکستان آن لائن )الیکشن کمیشن نے چیف الیکشن کمشنر آف پاکستان سکندر سلطان راجہ کی زیر صدارت ہونے والے اجلا س میں وفاقی وزیر اعظم سواتی کے الزامات کی تردید کرتے ہوئے الزامات کے ثبوت مانگنے کا فیصلہ کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق معروف صحافی اجمل جامی نے اپنے ٹوئٹر اکاﺅنٹ پر الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری ہونے والے اعلامیہ کی کاپی شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ الیکشن کمیشن نے وفاقی وزرا فواد چوہدری اور اعظم سواتی کو نوٹس جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

الیکشن کمیشن کے اعلامیہ کے مطابق چیف الیکشن کمشنرسکندر سلطان راجہ کی زیر صدارت ہونے والے اجلا س میں ممبران الیکشن کمیشن نثار احمد درانی اور شاہ محمد جتوئی کے علاوہ الیکشن کمیشن کے سینئر افسران شریک ہوئے اور اجلاس میں الیکشن کمیشن اور چیف الیکشن کمشنر پر لگائے گئے الزامات کو زیر بحث لایا گیا۔الیکشن کمیشن نے الزامات کی پرزو ر الفاظ میں تردید کی اور انہیں مسترد کردیا۔

اعلامیہ میں کہا گیا کہ صدر پاکستان اورسینیٹ قائمہ کمیٹی کی میٹنگ کے دوران وفاقی وزیر ریلوے اعظم خان سواتی کی طرف سے الیکشن کمیشن پر جو الزامات عائد کئے گئے ہیں اس پر ان سے ثبوت مانگنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات فواد چوہدری کی طرف سے پریس بریفنگ کے دوران الیکشن کمیشن اور چیف الیکشن کمشنر پر جن الفاظ میں الزام تراشی کی گئی، اس پر الیکشن کمیشن نے یہ فیصلہ کیا ہے کہ دونوں وزراءکونوٹس کئے جائیں تاکہ اس سلسلے میں مزید کارروائی عمل میں لائی جاسکے۔

اعلامیہ میں مزید کہا گیا کہ الیکشن کمیشن نے پیمر ا سے متعلقہ ریکارڈ بھی طلب کرلیا ہے اور دفتر کو حکم دیا ہے کہ وہ ایوان صدر،سینیٹ کی قائمہ کمیٹی کی کارروائی اور پریس بریفنگ سے متعلق تمام ریکارڈ مرتب کرکے مزید کارروائی کے لئے الیکشن کمیشن کے سامنے پیش کرے۔

واضح رہے کہ کچھ روز قبل الیکٹرانک ووٹنگ مشین اور اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے کے حوالے سے پارلیمانی امور کی قائمہ کمیٹی کے اجلاس کے دوران وفاقی وزیر اعظم سواتی نے الیکشن کمیشن حکام پر تنقید کرتے ہوئے کہا تھاکہ الیکشن کمیشن نے پیسے پکڑے ہوئے ہیں، آپ جہنم میں جائیں، ایسے اداروں کو آگ لگا دیں ،الیکشن کمیشن ملک کی جمہوریت کو تباہ کرنے کا ضامن ہے ،الیکشن کمیشن ہمیشہ دھاندلی کرتا رہا ہے۔

مزید :

اہم خبریں -قومی -