نامعلوم افراد ایک ہی رات میں 26 گدھوں کی کھالیں اتار کر لے گئے
نارووال (ڈیلی پاکستان آن لائن) پنجاب کے ضلع نارووال میں نامعلوم افراد نے رات کو 26 گدھوں کو ہلاک کرکے ان کی کھالیں اتار لیں۔
نارووال میں گزشتہ ایک ماہ سے گدھوں کی کھالیں اتارنے کا سلسلہ جاری ہے۔ ایک ہی رات میں 26 گدھوں کی کھالیں اتارنے کا تیسرا واقعہ سامنے آگیا۔ نامعلوم افراد نارووال کے نواحی علاقے لنگاہ بھٹیاں تھانہ نورکوٹ کی حدود میں 26 گدھوں کی کھالیں اتار کر باقیات کھیتوں میں پھینک کر ملزمان فرار ہوگئے۔
چور رات کی تاریکی میں گاؤں کے مختلف لوگوں کے ڈیروں سے گدھے کھول کر لے گئے جس کے بعد انہیں سر پر ہتھوڑے مار کر ہلاک کرکےان کی کھالیں اتاری گئیں۔ گدھوں کے مالکان نے صبح اٹھ کر دیکھا تو گدھے حویلیوں میں نہیں تھے۔ تلاش کرنے پر یہ کھیتوں سے مردہ حالت میں ملے۔
گدھوں کے مالکان کی جانب سے چوری اور کھالیں اتارنے کے واقعے کے خلاف درخواست تھانے میں دے دی گئی ہے۔ تھانہ نور کوٹ پولیس نے چوروں کی تلاش شروع کردی۔