قبائلی عمائدین نے ایک بار پھر فاٹا انضمام کو مسترد کردیا
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)قبائلی عمائدین نے ایک بار پھر فاٹا انضمام کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ قبائلیوں سے رائے لیے بغیر فاٹا انضمام ان پر مسلط کیا گیا ہے ، ہم بھی پاکستانی ہیں ، ہمیں اپنے حقوق اور شناخت واپس دی جائے۔
نجی ٹی وی کے مطابق فاٹا قومی جرگہ کے زیراہتمام نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں کنونشن کا انعقاد کیا گیا جس میں فاٹا انضمام کومسترد کرتے ہوئےقبائلی عمائدین نے اسے غیرفطری اور غیر آئینی قرار دیا۔قبائلی عمائدین کا کہنا تھا کہ قبائل کے لوگوں نے اس ملک کے لیے جو قربانیاں دی ہیں انہیں کوئی بھی جھٹلانہیں سکتا ، ہمارے ساتھ جو سلوک کیا جارہا ہے وہ کسی بھی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔جرگہ مشران کا کہنا تھا کہ فاٹا کو خیبرپختونخوا میں ضم کرکے ہمیں لا وارث چھوڑ دیا گیا، ہمیں ہمارے حقوق نہیں دیئے جارہے, اگریہی سلوک روا رکھا توپارلیمنٹ کی جانب مارچ کریں گے۔قبائلی عمائدین نے کہاکہ حکومت ہماری ثقافت، ہمارے حقوق اور ہمارے اپنے نظام کو دوبارہ بحال کریں اور انضمام کی وجہ سے پیدا ہونے والے مسائل کو جلد حل کرے۔