قیادت پر انگلیاں اٹھانیوالے پہلے 5 سال کا حساب دیں،امتیاز الرحمن

 قیادت پر انگلیاں اٹھانیوالے پہلے 5 سال کا حساب دیں،امتیاز الرحمن

  

لاہور (انٹرویو،میاں اشفاق انجم) ہوپ پاکستان کے مرکزی چیئرمین الحاج مسعود شنواری کی ہدایت پر چیئرمین ہوپ پنجاب ڈائریکٹر میزاب گروپ امتیاز الرحمن چودھری مختصر دورے پر حجاز مقدس پہنچ گئے،عمرہ کی سعادت حاصل کر لی۔روانگی سے پہلے روزنامہ ”پاکستان“ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا وزارت اور ہوپ کے ورکنگ گروپ کے فیصلے کی روشنی میں حج 2023ء کی تیاریوں کی پیش بندی اور سعودی حکام سے ملاقاتوں کا ٹاسک لے کر سعودی عرب جا رہا ہوں۔ڈی جی حج اور ڈائریکٹر مکہ بھی موجود ہوں گے ان کی مشاورت بھی لیں گے۔ امتیاز الرحمن چودھری نے کہا ہم نے حج2022ء کی تیاریوں سے پری اور پوسٹ حج آپریشن کی تکمیل تک جو روایات قائم کی ہیں ان کو تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ ایچ سی ایف کی رقم ٹریڈ کی امانت ہے اس میں خیانت کا تصور بھی نہیں کیا جا سکتا۔الیکشن کے موقع پر موجودہ قیادت پر انگلیاں اٹھانے والے پہلے پانچ سال کا حساب دیں میں اپنی ٹیم کے ساتھ اپنے آپ کو احتساب کے لئے پیش کرتا ہوں مجھے چارج شیٹ ضرور کریں، ہر سوال کا جواب تحریری اور ثبوت کیساتھ دوں گا۔ امتیاز الرحمن چودھری نے کہا ٹریڈ کا مفاد مجھے عزیز ہے حج2023ء کا ٹاسک، زیادہ سے زیادہ کوٹہ کا حصول، سیرت کانفرنس، حج کانفرنس2023ء میں شمولیت حج کمپنیوں کے مسائل کا حل میری ترجیح ہے۔ امتیاز الرحمن چودھری نے بتایا الیکشن لڑنا ہرایک کا حق ہے مثبت سرگرمی کو منفی نہ بنایا جائے ہم میرٹ پر ووٹ مانگ رہے ہیں۔الخدمت یونائیٹڈ اور جعفریہ الائنس24 ستمبرکو پھر کلین سویپ کریں گے جنوبی پنجاب کو ان کا حق دیں گے ٹریڈ پر کبھی کمپرومائز نہیں کیا، نہ کروں گا، الزامات اور کردار کشی کی بجائے مثبت روایات کے امین ہیں۔

امتیاز الرحمن

مزید :

صفحہ آخر -