بری فوج کے سربراہ کی تقرری آئین کے تحت کی جائے،لیاقت بلوچ

بری فوج کے سربراہ کی تقرری آئین کے تحت کی جائے،لیاقت بلوچ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(نمائندہ خصوصی)نائب امیر جماعت اسلامی، صدر قائمہ کمیٹی سیاسی امور لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ بری فوج کے سربراہ کی تقرری آئین، قانون، میرٹ اور قومی ادارہ فوج کے عزت، وقار، عوام کے اطمینان کے تمام اصولوں کے مطابق کیا جائے۔ فوج کے سربراہ کی تقرری کے لیے جلسوں، پریس کانفرنسوں اور سیاسی مفادات کی بنیاد کے لیے سیاسی قیادت کے مؤقف نے عوام اور فوج کے درمیان فاصلے پیدا کیے ہیں۔ فوجی سربراہ کی تقرری اِس طرح ہو کہ شخصیت اور قومی ادارہ متنازعہ نہ بنے۔ پی ٹی آئی، مسلم لیگ ن، پی پی پی، ایم کیو ایم نے پہلے بھی مل کر غیرجمہوری اقدام کے ساتھ آرمی ایکٹ میں ترامیم کیں۔ پی ٹی آئی سربراہ عمران خان نے ایک مرتبہ پھر اتحادی حکومت کو سہولت کاری دی ہے۔ عمران خان اپنے دور اقتدار میں مسلم لیگ، پی پی پی اور ایم کیو ایم کے احسانات کا بدلہ دے رہے ہیں۔ جماعت اسلامی تمام آئینی اداروں کے تقدس اور تحفظ کا مؤقف رکھتی ہے۔

 آئینی، قومی، ریاستی اداروں کو متنازعہ بنانا قومی سلامتی کے لیے خطرناک ہے۔لیاقت بلوچ نے کہا کہ سیاسی قیادت پاپولریٹی کی بنیاد پر نئے سے نئے بیانیے تراشتے ہیں، عوام کی اپنے ساتھ محبت اور عشق کا استحصال کرتے ہیں، سیاسی قیادت اپنے بیانیوں میں مسلسل بے نقاب ہورہی ہے۔ ووٹ کو عزت دو، اسٹیبلشمنٹ کی بالادستی کا خاتمہ، امریکی غلامی نامنظوری، سول-ملٹری اسٹیبلشمنٹ کو للکار جیسے سارے بیانیے سمندر کی جھاگ کی طرح بیٹھ گئے ہیں۔ اسلامی جمہوریہ پاکستان کو اسلامی فلاحی ریاست بنانے کے لیے آئین و قانون کی بالادستی اور قرآن و سنت کی روشنی میں نظام ہی پاکستان کو اسلامی اور خاشحال بنائے گا۔ باشعور سوچنے سمجھنے والا سیاسی کارکن جھوٹے، نمائشی اور بھڑک باز بیانیوں کی بے نقابی سے بیدار ہورہا ہے۔لیاقت بلوچ نے الخدمت فاؤنڈیشن کے کارکنان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ رضاکاران و کارکنان نے سیلاب متاثرین کے ریسکیو، ریلیف کے لیے شاندار خدمات سرانجام دی ہیں۔ پوری قوم کو الخدمت رضاکاروں پر فخر ہے۔ الخدمت نے مصیبت زدہ لوگوں کی مدد کے لے بڑے جہاد کے ذریعے نوجوانوں، نئی نسل کو تعمیری اور مثبت راستہ دیا ہے۔ جماعت اسلامی تمام ویلفیئر تنظیموں کا خیرمقدم کرتی ہے۔ انشاء  اللہ! سیلاب متاثرین کی مدد جاری رہے گی۔