پاکستان میں سیلاب سے نقصانات کا حجم  30 ارب ڈالر سے زیادہ ہے، مسعود خان 

پاکستان میں سیلاب سے نقصانات کا حجم  30 ارب ڈالر سے زیادہ ہے، مسعود خان 

  

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر) امریکہ میں پاکستانی  سفیر مسعود خان نے کہا ہے کہ پاکستان میں سیلاب مزید تباہ کن ہوتا جا رہا ہے،ماحولیاتی تبدیلی کی بدولت مجموعی نقصان بہت زیادہ ہے،پاکستان میں بہت مشکل صورتحال کا سامنا ہے اور ہمیں تباہی در تباہی کا سامنا ہے،سیلابی آفت کے باعث پانی سے پیدا ہونے والی بیماریاں پیدا ہو چکی ہیں، لوگ بڑے پیمانے پر بے گھر ہوئے ہیں،مویشی اور فصلیں تباہ ہو گئیں،پاکستان میں کل نقصانات کا حجم 30 بلین ڈالر سے تجاوز کرے گا۔ان خیالات کا اظہار سفیر پاکستان مسعود خان نے ترک نشریاتی ادارے ٹی آر ٹی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔سفیر پاکستان نے پاکستان کے متاثرہ لوگوں کی مدد کے لیے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے دورہ پاکستان اور ترکیہ کے صدر رجب طیب اردگان کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے ترک حکومت اور ترک معاشرے سیلاب زدگان کی مدد کے لئے متحرک کیا۔سفیر پاکستان نے کہا کہ پاکستان حالیہ آفت سے نمٹنے کے لیے اپنے وسائل بروئے کار لا رہا ہے لیکن تباہی کا پیمانہ اتنا زیادہ ہے کہ ہم یہ کام اکیلے نہیں کر سکتے۔ لہذا ہم نے  بین الاقوامی برادری سے اپیل کی ہے کہ وہ اس مشکل گھڑی میں پاکستان کی مدد کریں۔ سفیر پاکستان نے کہا کہ پاکستان کا ایک تہائی حصہ زیر آب ہے اور ان علاقوں میں انفراسٹرکچر مکمل طور پر تباہ ہو چکا ہے۔ ہمیں متاثرہ علاقوں کی بحالی، آبادکاری اور تعمیر نو کے لئے بھاری سرمایہ کاری کرنا ہوگی۔ بحالی اور تعمیر نو کے اس عمل میں ہم اپنے قومی وسائل پر انحصار کریں گے۔

 مسعود خان 

مزید :

صفحہ اول -