پی ٹی آئی کے سوشل میڈیا پر مکمل پابندی عائد کی جائے: شرجیل میمن 

پی ٹی آئی کے سوشل میڈیا پر مکمل پابندی عائد کی جائے: شرجیل میمن 

  

        کراچی (اسٹاف رپورٹر)سندھ کے وزیر اطلاعات شرجیل میمن نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے سوشل میڈیا پر مکمل پابندی عائد کی جائے، یہ لوگ ملک کے لیے سیکیورٹی رسک بنے ہوئے ہیں۔کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شرجیل میمن نے کہا کہ یہ سوشل میڈیا پر گھناونی مہم چلا رہے ہیں، عالمی اداروں سے کہہ رہے ہیں کہ پاکستان کو امداد نہ دیں۔شرجیل میمن نے کہا کہ کیا ہم ان کو محب وطن یا پاکستانی کہہ سکتے ہیں جو ملک کے خلاف ٹرینڈ چلا رہے ہیں؟انہوں نے کہا کہ ایسی سازش تو بھارت اور اسرائیل نے بھی کبھی نہیں کی جو پی ٹی آئی کر رہی ہے۔صوبائی وزیر اطلاعت نے کہا کہ عمران خان اور پی ٹی آئی کے کردار پر چیف جسٹس اور الیکشن کمیشن سمیت دیگر ادارے نوٹس لیں۔انہوں نے کہا کہ یہ سیاست کی آڑ میں ملک اور عوام سے دشمنی کر رہے ہیں، اب یہ سیلاب زدہ لوگوں سے لڑائی کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ملک مشکل میں ہے اور ایک فاشسٹ جماعت سیاسی جماعتوں اور اداروں سے لڑ رہی ہے۔شرجیل میمن نے بتایا کہ آج ٹاسک فورس کا اجلاس وزیراعلی سندھ کے زیر صدارت ہوا، برسات کے پانی کی نکاسی اور ریلیف پر غور کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم اے نے ابھی تک ایک لاکھ 69 ہزار 540 ٹینٹس دیے ہیں، این ڈی ایم اے سے 10ہزار 853 خیمے ملے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ملیر میں ایک خیمہ بستی لگانے کا کام شروع ہوچکا ہے۔انہوں نے بتایا کہ کراچی میں ڈینگی سے 7 اموات ہوئی ہیں، سندھ میں سیلاب کے باعث اب تک 638 ہوچکی ہیں۔انہوں نے کہا کہ افسران کو ہدایت کی گئی ہے کہ اپنے اضلاع میں پابندی سے کام پر فوکس کریں، غفلت برتنے والے افسران کو ہٹایا جائے گا اور انہیں برطرف کیا جائے گا۔

مزید :

صفحہ اول -