آرمی چیف کی تقرری فوج کے سینئر افسران میں سے ہی ہوگی،سعیدغنی
کراچی (اسٹاف رپورٹر)پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما اور وزیر صحت سندھ سعید غنی نے آرمی چیف کی تعیناتی سے متعلق کہا ہے کہ آرمی چیف کی تقرری فوج کے سینیر افسران میں سے ہی ہوگی۔کراچی ایکسپو سینٹر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سعید غنی نے کہا کہ آرمی چیف کی تعیناتی سے متعلق عمران خان کا بیان فوج میں تقسیم پیدا کرنے کی سازش کا حصہ تھا۔ آرمی چیف کی تعیناتی کیلئے عمران خان کے مشورے کی کوئی اہمیت نہیں۔سیلاب متاثرین سے متعلق صوبائی وزیر نے بتایا کہ ایک کروڑ سیلاب زدگان کو کراچی میں آباد نہیں کیا جاسکتا۔ متاثرین کیلئے ٹینٹ سٹی کے قیام پر کام شروع ہوگیا ہے۔انہوں نے کہا کہ کراچی میں متاثرین کی دیکھ بھال نہ کرنے کا تاثر درست نہیں، کراچی میں 20 ہزار متاثرین سیلاب رجسٹرڈ ہوئے۔ سیلاب متاثرین کی تعداد زیادہ ہے، ان کی آباد کاری بڑا مسئلہ ہے۔ ممکن نہیں ایک کروڑ لوگوں کو کراچی میں بسا دیا جائے۔ حکومت سندھ متاثرین کی جو امداد کرسکتی ہے، کر رہی ہے۔