انسان کے اندر موجود جذبہ وطن سے محبت کی لگن پیدا کرتا ہے: سعدیہ راشد

انسان کے اندر موجود جذبہ وطن سے محبت کی لگن پیدا کرتا ہے: سعدیہ راشد

  

      کراچی اسٹاف رپورٹر) ہمدرد فاؤنڈیشن پاکستان کی صدر محترمہ سعدیہ راشد نے کہا کہ ہر انسان کے اندر موجود جذبہ محبت وطن سے سچی اور بے لوث لگن پیداکرتا ہے۔ آج کے جدید دور میں ممالک عالمی منڈیوں تک رسائی، ٹیکنالوجی اورانسانی وسائل میں اضافہ اورعالمی سطح پر مسابقت کے لیے حکمت عملی وضع کررہے ہیں۔انہوں نے یہ بات گزشتہ روز بیت الحکمہ آڈیٹوریم مدین الحکمہ میں منعقد ہ ہمدرد نونہال اسمبلی کراچی کے اجلاس بہ عنوان ہم نونہال پاکستان کے محافظ ہیں، امن ہو یا جنگ میں خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں ہمدرد یونی ورسٹی اسپتال تاج میڈیکل کمپلیکس کے چیف ایگزیکٹو آفیسر بریگیڈیئر(ر)ڈاکٹر ریاض الحق بہ طور مہمان خصوصی مدعو کیے گئے۔انہوں نے مزید کہا کہ آج جنگ معاشی، اقتصادی، تعلیمی، امن و امان اور ثقافت و تمدن کے حوالے سے ہر وقت پورے عالم میں جاری ہے۔ اس دور میں وہی اقوام کامیاب ہیں جنہوں نے اقتصادی ترقی کی اور نظم و ضبط، رواداری، عدل و انصاف، قوانین کی پاسداری، اتفاق و اتحاد اور دیانت داری کے اوصاف اپنائے رکھے۔ ان ہی محاذوں پر محنت اور لگن سے آگے بڑھتے ہوئے ہم دنیا میں کامیاب، باوقار، ترقی یافتہ، مہذب اور ناقابل تسخیر اقوام کی صف میں خود کو شامل کرسکتے ہیں۔            بریگیڈیئر (ر)ڈاکٹر ریاض الحق نے کہا کہ ان اقوام کو باقی پر سبقت حاصل ہے جہاں قومی شناخت کا تصور مضبوط ہے۔ شہید حکیم محمد سعید جیسے دور اندیش مدبر نے یہ پہلے ہی ادراک کرلیا تھا کہ نوزائیدہ مملکت خداداد میں حب الوطنی کے جذبہ کو فروغ دینے کے لیے نئے اذہان کی راہنمائی کی اشد ضرورت ہے۔ اس کے بعد انہوں نے اپنی عمر اسی مقصد کے حصول میں وقف کی۔ آج ان کے قائم کردہ اداروں میں ہر مذہب رنگ و نسل کا شخص فقط ایک قوم کا حصہ ہے۔ انہوں نے بچوں کو نصیحت کی کہ وہ اپنی مرضی کے پروفیشن میں کمال حاصل کرنے کی کوشش کریں۔ یکسوئی کے ذریعے آپ کامیابی حاصل کرسکتے ہیں۔ گوکہ ایک دن میں کمال حاصل نہیں کیا جاسکتا، یہ تو زندگی بھر کی جستجو کا نتیجہ ہے۔ لیکن صرف وہی لوگ کامیاب ہوتے ہیں جو اپنے پروفیشن میں کمال حاصل کرتے ہیں۔ لہذا اپنے رجحان کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنے پیشے کا انتخاب کریں اور کمال حاصل کرکے اپنا اور اپنے ملک کا نام روشن کریں۔ اسمبلی کے اجلاس میں میزبانی کے فرائض اسپیکرروحان سلیمان نے ادا کیے۔ قائد ایوان نبیہا جمال اور قائد حزب اختلاف عائشہ فواد نے بھی موضوع پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

مزید :

پشاورصفحہ آخر -