وزیر اعظم کا بلوچستان کے سیلاب متاثرہ علاقے صحبت پور کا دورہ ، نقصانات اور بحالی سے متعلق امور پر بریفنگ لی
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) وزیر اعظم شہباز شریف بلوچستان کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے دورے پر پہنچے ، وزیر اعظم نے صحبت پور کادورہ کیا اور سیلاب سے ہونے والی تباہی اور بحالی سے متعلق امور پر بریفنگ لی ۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے صوبہ بلوچستان کے ضلع صحبت پور کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا ، چیف سیکرٹری بلوچستان نے وزیر اعظم کو سیلاب کی تباہ کاریوں، متاثرین کی مدد اور تباہ شدہ انفراسٹرکچر کی بحالی کے لیے جاری کاوشوں پر بریفنگ دی ۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے امدادی کاموں کو تیز کرنے کی ہدایت کی اور سیلاب متاثرہ علاقوں میں امراض کا پھیلاؤ کنٹرول کرنے کا بھی کہا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ سیلاب متاثرہ علاقوں سے نکاسی آب کا کام تیز کیا جائے ، وافر فنڈز ہیں ، مزید درکار ہیں تو بتائیں مگر کام رکنا نہیں چاہئے ۔
وزیر اعظم نے ترکیہ سے آنے والے خیمے بلوچستان کے سیلاب متاثرین کیلئے بھیجنے کا اعلان کیااور کہا کہ شام تک ان متاثرہ علاقوں میں پینے کا صاف پانی پہنچ جائے گا۔