بجلی بحران پیپلز پارٹی کیلئے الیکشن میں شدید مشکلات پیدا کرسکتا ہے،اہا لیان لاہور

بجلی بحران پیپلز پارٹی کیلئے الیکشن میں شدید مشکلات پیدا کرسکتا ہے،اہا لیان ...
بجلی بحران پیپلز پارٹی کیلئے الیکشن میں شدید مشکلات پیدا کرسکتا ہے،اہا لیان لاہور

  

لاہور (بابر بھٹی/ الیکشن سیل) لوڈشیڈنگ سے پیپلزپارٹی کا ووٹ بینک بہت متاثر ہوگا۔ ملک میں لوڈشیڈنگ کے کنٹرول میں ناکامی پیپلزپارٹی کیلئے الیکشن میں شدید مشکلات پیدا کر سکتی ہے ان خیالات کا اظہار اہلیان لاہور نے روزنامہ ”پاکستان“ کے ایک خصوصی سروے کے دوران کیا اچھرہ کی عالیہ نے کہا کہ پیپلزپارٹی کی حکومت نے عوام کو لوڈشیڈنگ کا جو تحفہ دیا اس کے ووٹ بینک پر خاصا اثر پڑیگا اور ایک بڑی کمی ووٹ بینک میں واقع ہو گی۔ کیونکہ پیپلزپارٹی کے دور حکومت میں لوڈشیڈنگ سے عوام بہت پریشان ہوئی کاروبار تباہ ہو کر رہ گیا اس لئے پیپلزپارٹی کا ووٹ بینک کم ہوا شاہدرہ کے عباس شاہ نے کہا کہ لوڈشیڈنگ نے لوگوں کو پیپلزپارٹی کے خلاف کردیا ہے جس کی وجہ سے پیپلزپارٹی کو الیکشن میں شدید مشکلات کا سامنا ہو گا راوی روڈ کی عائشہ ملک نے کہا کہ لوڈشیڈنگ مشرف کی حکومت کا تحفہ ہے پیپلزپارٹی کو تو صرف بدنام کیا گیا۔سمجھدار لوگ پیپلزپارٹی کو ہی ووٹ کاسٹ کریں گے اور پیپلزپارٹی کا ووٹ بینک متاثر نہیں ہو گا۔ ٹیکسالی گیٹ کے عابد نے کہاکہ لوڈشیڈنگ نے کاروبار زندگی کو مفلوج کرکے رکھا دیا ہے عوام کو پیپلزپارٹی کی حکومت نے جو لوڈشیڈنگ کا تحفہ دیا اس کی وجہ سے پیپلزپارٹی کو انتخابی عمل میں مسائل کا سامنا ہو گا۔ ریلوے روڈ کے اشرف نے بتایا کہ لوڈشیڈنگ کی وجہ سے انتخابات میں پیپلزپارٹی کا ووٹ بینک خاصا متاثرہو گا۔ بیگم کوٹ کے غلام فرید نے کہا کہ پیپلزپارٹی کے ووٹ بینک پر لوڈشیڈنگ سے کوئی فرق نہیں پڑیگا کیونکہ پیپلزپارٹی کا اس میں کوئی قصور نہیں یہ تو سب مشرف دور میں ہوا۔لاری اڈہ کے رہائشی غلام نے بتایا کہ لوڈشیڈنگ کی وجہ سے پیپلزپارٹی کے ووٹوں میں خاص کمی واقع ہو گی کیونکہ بجلی کے بغیر عوام نے پانچ سال جس حال میں گزارے وہ عوام ہی جانتی ہے اب عوام پیپلزپارٹی کی قیادت کو منتخب کرنے کی غلطی کبھی نہیں کریگی۔

مزید : الیکشن ۲۰۱۳