منگووال کی بٹ اور دیگر برادیوں کا پرویز الہی کی حمایت کا اعلان

منگووال کی بٹ اور دیگر برادیوں کا پرویز الہی کی حمایت کا اعلان

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

        گجرات (ثنانےوز )گجرات کے قصبہ منگووال کے نہایت بااثر ولایت بٹ خاندان کے سربراہ امجد اقبال بٹ اور دیگر برادریوں کے سربراہوں نے احمد مختار اور ن لیگ کو چھوڑ کر پاکستان مسلم لیگ میں شمولیت اور چودھری پرویزالٰہی اور مونس الٰہی کی بھرپور حمایت کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے یہ اعلان منگووال میں بہت بڑے اجتماع میں کیا جس میں مغل برادری اور ریٹائرڈ ٹیچرز ایسوسی ایشن کے سربراہ محمد انور بھٹی کے علاوہ لئیق شہزاد بٹ، منور بٹ، انصر محمود بٹ، غلام حیدر بٹ، سید وقار گیلانی، راسخ الٰہی، ڈاکٹر انصر، میاں اختر پگانوالہ، تنویر بٹ، جاوید یعقوب ڈار، چودھری محمد ارشد وارث، غلام حیدر بٹ، عدنان سیٹھی، ندیم ملہی، باﺅ ظہیر حسین بٹ، عظمت سعید، چودھری نثار، انعام الحق اور میاں عمران مسعود بھی موجود تھے۔ چودھری پرویزالٰہی نے انہیں دلی طور پر خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ ہمارا ان کے بزرگوں کے ساتھ قریبی رشتہ تھا آئندہ نسلوں کے بہتر مستقبل کیلئے ہمیں مل کر آگے بڑھنا ہو گا، پاکستان مسلم لیگ ایک خاندان کی طرح ہے آج سے بٹ خاندان بھی ہمارے خاندان کا حصہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ گجرات کو عزت دینے کیلئے ہم نے بہت محنت کی، بطور چیف منسٹر میں نے صرف عام آدمی اور غریب آدمی کیلئے کام کیا۔ ہماری پانچ سالہ تاریخ عوامی فلاحی کاموں سے بھری پڑی ہے اگر اللہ تعالیٰ نے ہمیں دوبارہ موقع دیا تو ہم مزید عوامی فلاحی کام کریں گے جو کام مسلم لیگ کی حکومت نے کیے وہ نواز شریف شہباز شریف کی حکومتیں بھی نہ کر سکیں، ترقی کا پہیہ چل رہا تھا اگر آپ لوگ چاہتے ہیں کہ وہی عمل دوبارہ شروع ہو تو آپ سائیکل کو کامیاب بنائیں۔ سابق چیئرمین منگووال امجد اقبال بٹ نے چودھری پرویزالٰہی، مونس الٰہی، راسخ الٰہی، میاں عمران مسعود کو خوش آمدید کہتے ہوئے پھولوں کے ہار پہنائے۔ انہوں نے کہا کہ جب سے ہم نے ہوش سنبھالا ہے تب سے ہمارا خاندان احمد مختار کے ساتھ تھا لیکن ہمارے خاندان اور دیگر برادریوں کے بڑوں نے فیصلہ کیا ہے کہ احمد مختار اور ن لیگ کے مقابلہ میں چودھری برادران جو گجرات کی عزت کے پاسدار ہیں ان کے ہاتھ مضبوط کیے جائیں اس لیے متفقہ طور پر میں اپنی اور دیگر برادریوں کے ہزاروں افراد کے ہمراہ پاکستان مسلم لیگ میں شمولیت کا اعلان کرتا ہوں، انشاءاللہ آئندہ الیکشن میں این اے 105 سے چودھری پرویزالٰہی اور پی پی 110 سے مونس الٰہی کو واضح اکثریت سے کامیابی دلائیں گے۔ مونس الٰہی نے اپنے خطاب میں کہا کہ عدنان سیٹھی اور ندیم ملہی کی کوششوں کی وجہ سے امجد اقبال بٹ کا خاندان اور دیگر برادریاں پاکستان مسلم لیگ میں شامل ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے کسی کارکن یا ساتھی کو پارٹی قیادت سے کبھی مایوسی نہیں ہوئی، اس حلقے کے تمام مسائل بھی اسی طرح حل ہوں گے جس طرح ہم دوسروں کے کرتے ہیں۔ مونس الٰہی نے کہا کہ یہ اتحاد وقتی نہیں ہے بلکہ اگلی نسلوں تک ہم اسے لے کر چلیں گے اور آنے والی نسلیں اس پر فخر کریں گی۔

مزید :

صفحہ اول -