گیارہ مئی کو ظالموں کو مسترد کر کے ہی نجات کی راہ نکالی جاسکتی ہے

گیارہ مئی کو ظالموں کو مسترد کر کے ہی نجات کی راہ نکالی جاسکتی ہے

                           لاہور ( سٹاف رپورٹر )جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سید منورحسن نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی اپنے انتخابی نشان ترازو کے تحت انتخابات میں بھرپور طریقے سے حصہ لے گی ‘ انتخابات کا بائیکاٹ دوسرے لوگ کریں گے ‘11 مئی کو امریکی غلاموں کو مسترد کر کے ہی نجات کی راہ نکل سکتی ہے ۔ شباب ملی مستقبل کاوژن رکھنے اور ملک کو آزاد کرانے والے نوجوانوں کا کردار ہے ۔ ترازو روڈ کارواں کو کراچی سے الوداع کررہا ہوں اور انشاءاللہ پشاور میں اسے خوش آمدید کہوں گا۔ جماعت اسلامی کے مرکزی میڈیا سیل کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کے روز شباب ملی پاکستان کے تحت کراچی تا پشاور ” ترازو روڈ کارواں“ کے آغاز کے موقع پر ہزاروں نوجوانوں سے خطاب اور بعدازاں پرنٹ و الیکٹرانک میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ شباب ملی کے روڈ کارواں کا آغاز اتوار کے روز ہوگیا ہے جو بذریعہ سڑک پشاور تک جائے گا۔ کارواں کے ساتھ ایک بہت بڑا ترازو کا ماڈل بھی ہوگا جو شباب ملی نے خصوصی طورپر تیار کیا ہے ۔ اس موقع پر شباب ملی پاکستان کے جنرل سیکریٹری قیصر شریف ‘ امیر جماعت اسلامی کراچی ڈاکٹر معراج الہدی صدیقی‘ نائب امیر اسدا للہ بھٹو ‘ امیر جماعت اسلامی کراچی محمد حسین محنتی‘ شباب ملی سندھ کے صدر عظیم بلوچ ‘ کراچی کے صدر سیف الدین اور دیگر نے بھی خطاب کیا ۔ سید منورحسن نے میڈیا کے نمائندوں کے سوالات کے جوابات دیتے ہوئے کہاکہ سیٹ ایڈجسٹمنٹ کا چیپٹر کلوز ہوگیا ہے ‘ اسے خیبرپختونخواہ میں جے یوآئی اور تحریک انصاف نے بند کیا اور لاہور میں نواز لیگ نے ۔ سندھ اور کراچی میں 10 جماعتی اتحاد تازہ ہوا کا جھونکا ہے اس کے نتیجے میں ون ٹو ون امیدوار کھڑے کرنے میں آسانی پیدا ہوگی۔ حکمرانوں کو اقتدار تک پہنچانے کےلئے امریکی غلامی کا سہارا لیا جاتا ہے ۔ شباب ملی عزم و عہد ہے اور یہ ساری تیاریاں اس نیک مقصد کےلئے ہورہی ہیں کہ کروڑوں فرزندان اسلام کو ملک کے گوشے گوشے میں امریکی غلامی سے آگاہ کیا جائے اور اس سے آزادی کےلئے تیاری کی جائے اس لئے ضروری ہے کہ ووٹ کا استعمال شریعت کے مطابق کیا جائے ۔ انہوں نے کہاکہ ملک میں سیکڑوں ریمنڈ ڈیوس موجود ہیں جو یہاں کے نوجوانوں کو قتل کررہے ہیں ۔ عوام کو فرقوں اور مسلکوں کی تقسیم سے دوچار کررہے ہیں۔۔ امریکی سازشیں عالم اسلام کے خلاف ہیں جو ہمارے ملک ہی میں نہیں کشمیر ‘ فلسطین‘ افغانستان‘ عراق ‘ چیچنیا ہر جگہ نظر آرہی ہےں۔ ہمیں ان کو سمجھنا ہوگا‘ عوام کو ان خطرات سے آگاہ کرنا ہوگا اسد اللہ بھٹو نے کہاکہ جماعت اسلامی انتخابات جیتنے کےلئے میدان عمل میں آئی ہے حکمران اپنی تجوریاں بھرنے میں لگے ہوئے ہیں اور یہاں سے لوٹی ہوئی رقم بیرون ملک بینکوں میں جمع کرارہے ہیں۔قیصر شریف نے کہاکہ اندھیرے اور مایوسیوں کے دور میں شباب ملی کے نوجوان امید کی کرن ہیں ‘ آج ملک کی جغرافیائی اورنظریاتی سرحدوں کو شدید خطرات لاحق ہیں ‘ نصاب تعلیم تبدیل کیا جارہا ہے ‘ نوجوانوں کو تباہ وبرباد کرنے کی سازش ہورہی ہیں‘ کیونکہ ہمارا دشمن جانتا ہے کہ ملک کے 67 فیصد یوتھ ملک اور قوم کا مستقبل ہیں ‘ 11 مئی کو اس یوتھ کا فیصلہ حتمی فیصلہ ہوگا اس لئے شباب ملی نے ملک بھر میں ” یوتھ پاکستان‘ امید پاکستان“ کا نعرہ دے کر لاکھوں نوجوانوں کو منظم کر نے کا چیلنج قبول کیا ہے ۔عظیم بلوچ نے کہاکہ ترازو روڈ کارواں پورے پاکستان میں عوام کی تقدیر بدلنے کا آغاز ہے ‘ شباب ملی نے کراچی سے اس کارواں کا آغاز کر کے کراچی کے نوجوانوں کو بھی حوصلہ دیا ہے اور کراچی کے نوجوانوں نے جماعت اسلامی کے حق میں فیصلہ دیدیا ہے ۔سیف الدین نے کہاکہ کراچی کے نوجوانوں نے آج ہزاروں کی تعداد میں مزار قائد پر جمع ہوکر شباب ملی کے ترازو روڈ کارواں کے آغاز میں شریک ہوکر ثابت کردیا ہے کہ کراچی تبدیل ہونے جارہا ہے ‘11 مئی کا دن نئے پاکستان کی نوید ثابت ہوگا۔ترازو روڈ کارواں کے آغاز کے موقع پر سید منورحسن نے شباب ملی کی طرف سے بنائے گئے ترازو کے بہت بڑے ماڈل کا افتتاح بھی کیا ۔ آخر میں محمد حسین محنتی نے دعا کرائی۔ اس موقع پر نصراللہ خان شجیع‘ یونس بارائی‘ حافظ نعیم الرحمن ‘ برجیس احمد‘زاہد عسکری اور دیگر رہنما بھی موجو دتھے۔

مزید : صفحہ اول