عوام کے جمہوری حق پر کسی کو شب خون نہیں مارنے دینگے، لیاقت بلوچ

عوام کے جمہوری حق پر کسی کو شب خون نہیں مارنے دینگے، لیاقت بلوچ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور ( سٹاف رپورٹر )حلقہ این اے 126 سے امیدوار قومی اسمبلی اورسیکریٹری جنرل جماعت اسلامی لیاقت بلوچ نے وحدت کالونی ، مسلم ٹاﺅن ، محفل نعت گلبرگ ، قرآن فاﺅنڈیشن گلبرگ ، کریم بلاک ، کشمیر بلاک علامہ اقبال ٹاﺅن ، جوہر ٹاﺅن ، ٹاﺅن شپ ، مکہ کالونی ، الحمد کالونی میں کارنرمیٹنگز سے خطاب کیا انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی پورے ملک میں آئین ، قانون اور عدلیہ کی بالا دستی کی آزادی کو یقینی بنائے گی ۔ ملک کو بحران سے نکالنے کے لیے جماعت اسلامی ہی اہلیت اور باصلاحیت ٹیم رکھتی ہے ۔ جماعت اسلامی کے کارکنان ، حامیان اور محب دین افراد کا مل یکسوئی اور اللہ پر بھروسہ کے ساتھ اپنے اسلامی، انقلابی، عوامی منشور اور انتخابی نشان ترازو پر انتخابی مہم چلائیں ۔ این اے 126 میں تمام دینی قوتیں متحد اور یک آواز ہیں ۔ انشاءاللہ ترازو جیتے گا اور ووٹرز کی امیدوں کا مرکز بنے گا ۔ لیاقت بلوچ نے کہاکہ کراچی ایم کیو ایم کی بھتہ خوری ، دہشتگردی اور غنڈہ گردی سے آزاد ہورہاہے ایم کیو ایم انتخابات سے فرار کے راستے تلاش کر رہی ہے اور ہمیشہ کی طرح شاطرانہ اور جمہوریت دشمن اقدامات سے عوام کو جمہوریت اور انتخابی حق سے محروم کرنا چاہتی ہے ۔ ہم عوام کے جمہوری ، انتخابی حق ، آزاد عدلیہ اور آئین پر کسی کو شب خون نہیں مارنے دیں گے ۔ کراچی میں امن اور قانون کے نفاذ کے لیے بلاامتیاز اقدامات کیے جائیں ۔ نگران حکومتیں کسی بلیک میلنگ اور دباﺅمیں نہ آئیں۔ انہوں نے کہاکہ انقلاب اور تبدیلی آزمائے ہوئے لوگوں ، کرپٹ اور نااہل افراد ، ہر مرحلہ پر سیاسی وفاداریاں تبدیل کر کے نئی پارٹی ، نئی ٹکٹ ، مال و دولت لوٹنے اور لٹانے والوں کے ذریعے نہیں آئے گی۔ امریکی غلامی کی زنجیریں کاٹنے کے لیے عوام انتخابات میں جماعت اسلامی کا ساتھ دیں ۔

مزید :

صفحہ آخر -