پاکستان اور افغانستان نے مہمند ایجنسی میں چوکیوں کی تعمیراورسرحدی تعاون بڑھانے پراتفاق
راولپنڈی(مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان اور افغانستان نے مہمند ایجنسی میں چوکیوں کی تعمیراورسرحدی تعاون بڑھانے پراتفاق کیا ہے۔آئی ایس پی آر کی طرف سے جاری اعلامیے کے مطابق افغان آرمی کے وفد نے ڈی جی ملٹری آپریشنز میجر جنرل افضل امان کی سربراہی میں جی ایچ کیو کا دورہ کیا اور پاک فوج کے ڈی جی ملٹری آپریشنز میجر جنرل اشفاق ندیم سے ملاقات کی ۔جس میں پاک افغان سرحدی تعاون سے متعلق امور پر بات چیت اور سرحدی تنازعات کے حوالے سے دونوں اطراف کے اہم ایشوز کا حل تلاش کیا گیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق فریقین نے سرحدی تعاون کے فروغ کے لئے باہمی رابطوں کو جاری رکھنے پر اتفاق کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسلسل باہمی رابطوں سے دونوں افواج کے درمیان فاصلے پیدا کرنے والوں کے لئے مواقع کم ہوجائیں گے۔