پاناما لیکس کے انکشافات نے عمران خان کے اسلام آباد دھرنے کو سچ ثابت کر دیا :ڈاکٹر نوشین حامد
لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کی رہنما اور پنجاب اسمبلی کی رکن ڈاکٹر نوشین حامد نے کہا ہے کہ پانامہ لیکس نے وہی ثابت کیا جو اسلام آباد دھرنے کے دوران عمران خان کہتے رہے ،ملک کا پیسہ لوٹ کر دولت کے انبار لگانے والوں سے قوم آج جواب مانگتی ہے کہ انھوں نے پاکستانی عوام کے لیے کیا کیا ؟
نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر نوشین حامد کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ( ن) الیکشن میں جو دعوے کرتی رہی وہ سب ایک ایک کر کے جھوٹے ثابت ہو چکے ہیں ،لوٹ مار کا پیسہ ملک میں واپس لانے کی بات کر نے والے آج خود ہی لوٹ مار میں ملوث پائے گئے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ پاناما لیکس کے انکشافات کے بعد کرپٹ حکمرانوں کے پاوں لرز رہے ہیں اور معدے خراب ہیں کیونکہ کرپشن کی آخری حد بھی انھوں نے پار کر لی ہے ،اب ایک ایک کر کے یہ سب ملک سے فرار ہو رہے ہیں لیکن قوم ان کرپٹ حکمرانوں سے ایک ایک پائی کا حساب لیں گے ،پاناما لیکس کے انکشافات نے حکمرانوں کی نام نہاد شرافت کے لبادے کو تار تار کر دیا ہے ۔ ڈاکٹر نوشین حامد کا کہنا تھا کہ عمران خان کے کردار پر انگلیاں اٹھانے والے اپنے گریبان میں جھانکیں ۔