عالمی بینک اور ایشین انفراسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک کے مفاہمتی دستاویز پر دستخط
واشنگٹن (اے پی پی) عالمی بینک اور ایشین انفراسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک نے مفاہمت کی ایک دستاویز پر دستخط کردیئے ہیں جس کے تحت دونوں مالیاتی ادارے مختلف منصوبوں میں مشترکہ سرمایہ کاری کریں گے۔فرانسیسی خبررساں ایجنسی کے مطابق قبل ازیں دونوں اداروں کو ایک دوسرے کے حریف اداروں کے طور پر دیکھا جارہا تھا تاہم اب دونوں اداروں نے واشنگٹن نے ایک فریم ورک معاہدے پر دستخط کئے ہیں جس کے تحت مختلف منصوبوں میں مشترکہ سرمایہ کاری کی گئی ہے۔
سمجھوتے کے تحت پہلے سال ایشین انفراسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک عالمی بینک کے ساتھ مل کر 1.2 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گا۔ دونوں اداروں نے کئی شعبوں کی نشاندہی کی ہے جس میں ملکر کام کیا جائے گا۔ ان میں زیادہ تر منصوبے مشرقی ‘جنوب مشرقی اور وسطی ایشیاء میں توانائی ‘ ٹرانسپورٹیشن اور پانی سے متعلق ہیں۔واضح رہے کہ ایشین انفراسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک کا قیام گزشتہ دسمبر میں عمل میں لایا گیا تھا اور اس وقت 57ممالک اس کے ممبرز ہیں۔ اس بینک میں چین کے حصص سب سے زیادہ ہیں اور وہ 30 فیصد حصص کی شرح سے سرفہرست ہے۔