سیاسی جماعتیں معاشی ایجنڈے کی تیاری نفاذ کیلئے نجی شعبے کے ساتھ مل کر کام کریں ، لاہور چیمبر

سیاسی جماعتیں معاشی ایجنڈے کی تیاری نفاذ کیلئے نجی شعبے کے ساتھ مل کر کام ...

  



لاہور (کامرس رپورٹر) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے سیاسی جماعتوں پر زور دیا ہے کہ وہ ایک قومی معاشی ایجنڈے کی تیاری اور نفاذ کے لیے نجی شعبے کے ساتھ مل کر کام کریں تاکہ صنعتی و معاشی انقلاب لانے کا خواب پورا کیا جاسکے۔ ایک بیان میں لاہور چیمبر کے صدر شیخ محمد ارشد، سینئر نائب صدر الماس حیدر اور نائب صدر ناصر سعید نے کہا کہ اس وقت جب عالمی سطح پر معاشی مقابلہ بڑھتا چلا جارہا ہے، ایک بہترین معاشی پالیسی کی اشد ضرورت ہے، اس سے نہ صرف معاشی خود مختاری ملے گی بلکہ آنے والے دنوں میں عالمی مالیاتی اداروں پر سے انحصار بھی کم ہوگا۔ لاہور چیمبر کے عہدیداروں نے کہا کہ پاکستان کو اس وقت ایک مضبوط معاشی حکمت عملی کی اشد ضرورت ہے جس کے لیے سیاستدانوں اور بزنس لیڈرز کو مل بیٹھ کر سوچنا اور مشترکہ معاشی ایجنڈا وضع کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ترقی یافتہ اقوام کی صف میں شامل ہے کہ ہم نہ صرف موجودہ معاشی چیلنجز سے نمٹیں بلکہ مستقبل پر بھی بھرپور نظر رکھیں۔ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے سیاسی قوتوں پر مزید زور دیا کہ وہ ملک کے وسیع تر مفاد میں کالاباغ ڈیم پر اتفاق رائے پیدا کریں تاکہ توانائی کی قلت کے مسئلے پر قابو پایا جاسکے۔ وافر توانائی ہونے سے صنعتی پہیہ چلے گا جبکہ زرعی شعبے کو بھی تمام موسموں میں پانی میسر آئے گا۔ لاہور چیمبر کے عہدیداروں نے مزید کہا کہ قومی معاشی ایجنڈے کے تحت برآمدات کو فروغ دینے کے لیے بھی بہترین حکمت عملی وضع کرنا ممکن ہوگا، برآمدات کا موجودہ حجم کسی طرح بھی ملک کی پوٹیشنل کا عکاس نہیں۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ سیاسی لیڈر شپ ملک کے وسیع تر مفاد میں معاشی ایجنڈے کی تیاری اور نفاذ کے لیے نجی شعبے سے مل کر بھرپور کردار ادا کرے گی۔

مزید : کامرس


loading...