وفاقی و صوبائی حکومت فاضل گندم کا نکاس یقینی بنائے‘ فلور ملز ایسوسی ایشن
لاہور( این این آئی )پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن (پنجاب) کے چےئرمین چوہدری افتخار احمد مٹو نے وزیر اعظم محمد نواز شریف اور وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف سے مطالبہ کیا ہے کہ وفاقی و صوبائی حکومت خصوصی دلچسپی لیتے ہوئے فاضل گندم کے نکاس کے عمل کو یقینی بنائے ۔انہوں نے کہا کہ امسال گندم کی بمپر کراپ متوقع ہے لہٰذاوزیر اعلی پنجاب میاں محمد شہباز شریف خصوصی توجہ دیں تاکہ حقیقت میں کسانوں کو انکی محنت اورفصل کا مناسب معاوضہ مل سکے۔سابق مرکزی چےئرمین و گروپ لیڈر عاصم رضا احمد نے کہا کہ پاکستانی گندم کی دنیا بھر میں سب سے زیادہ قیمتیں ہونے کی وجہ سے افغانستان وغیرہ کی مارکیٹ ہمارے ہاتھوں سے نکل چکی ہے اور اب وہاں روسی ریاستیں اپنا قبضہ جمائے بیٹھی ہیں جبکہ عالمی منڈی اور مقامی گندم کی قیمتوں میں عدم توازن کے باعث آدھی سے زائد فلو رملنگ انڈسٹری بندپڑی ہے اور اربوں روپے کی سرمایہ کاری کا ضیائع ہو رہاہے۔
انہوں نے کہاکہ گندم کی قیمتوں میں استحکام لا کر اور بند پڑی انڈسٹری کو فعال بنا کر ہماری کھوئی ہوئی مارکیٹ افغانستان وغیرہ میں اپنی گندم کی مصنوعات بھجوائی جا سکتی ہیں۔میاں ریاض اور لیاقت علی خان نے کہا کہ حالیہ 2کروڑ 80لاکھ ٹن گندم کی بمپر کراپ تقریباًمتوقع ہے۔تاہم فاضل گندم کی موجودگی میں ڈیمانڈ اینڈ سپلائی کا عمل متاثر ہوگا،جس کے منفی اثرات کسانوں کے معاوضے پر پڑیں گے ،حکومت کو چاہیے کہ وہ جلد از جلد اپنی ایکسپورٹ پالیسی کا اعلان کرے تاکہ بند انڈسٹری کے چلنے کے امکانات پیدا ہو سکیں کیونکہ انڈسٹری چلنے کے باعث نہ صرف لوگوں کو روزگار کے مواقعے میسر آئیں گے بلکہ جرائم کی شرح میں بھی نمایاں طور پر کمی واقع ہوگی۔انہوں نے کہا کہ فاضل گندم کے نکاس کے باعث انڈسٹری کی بحالی کیساتھ ملک کیلئے قیمتی زرمبادلہ بھی حاصل ہوگا۔