نجی شعبہ کی ہرممکن حوصلہ افزائی کے بغیر ترقی کا خواب پورا نہیں ہو سکتا ‘ خواجہ خاور رشید
لاہور (کامرس رپورٹر)سینئر نائب صدر پاکستان مسلم لیگ (ن)ٹریڈرز ونگ پنجاب وایف پی سی سی آئی ریجنل قائمہ کمیٹی برائے امن وامان کے چےئرمین خواجہ خاوررشید نے وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی جانب سے آئندہ بجٹ 2016-17میں چھوٹے تاجروں اور صنعتکاروں کی تجاویز کو شامل کرنے کے بیان کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ نجی شعبہ کی ہرممکن حوصلہ افزائی کے بغیر ترقی کا خواب پورا نہیں ہو سکتا ،حکومت بجٹ سازی میں نجی شعبہ کی سفارشات پر سنجیدگی سے غور کرنے کے بعد قابل عمل سفارشات کو بجٹ میں شامل کریں تاکہ اقتصادی ترقی کے عمل کو تیز کیا جاسکے۔ معیشت کی مضبوطی کیلئے حکومت جو اقدامات اٹھا رہی ہے وہ حوصلہ افزا ہیں اور نئے مالی سال کے بجٹ میں معاشی و اقتصادی ماہرین کے ساتھ ساتھ بزنس کمیونٹی کی تجاویز کی روشنی میں نیا بجٹ تیار کرئے،چونکہ ٹیکس فری بجٹ سے ہی ملکی صنعت و معیشت کو سہارا مل سکتا ہے۔
انہوں نے مزید کہاکہ ایف پی سی سی آئی نے سیلز ٹیکس،انکم ٹیکس اور کسٹم ڈیوٹی کے نظام کیلئے قابل عمل سفارشات پیش کر دی ہے ۔اسکے علاوہ نئی صنعتوں کے قیام کیلئے مراعات کا مطالبہ بھی کیا گیا ہے تاکہ بے روزگاری کم ہو اور حکومت کی آمدنی بڑھ سکے۔ ایف پی سی سی آئی نے سال رواں کا ریونیو ہدف حاصل کرنے میں ایف بی آر سے ہرممکن یقین بھی دلایا ہے۔