پاکستانی معیشت پر آئی ایم ایف کا اظہار اطمینان

پاکستانی معیشت پر آئی ایم ایف کا اظہار اطمینان

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ(آئی ایم ایف) نے آئندہ مالی سال میں پاکستانی معیشت میں مزید بہتری کا امکان ظاہر کیا ہے، آئی ایم ایف کے خیال میں یہ شرح 4.7فیصد تک بڑھ سکتی ہے، جبکہ مہنگائی کی شرح 5فیصد تک بڑھے گی،گزشتہ برس معیشت کی شرح نمو میں اضافہ 4.5فیصد رہا تھا بعض حلقوں نے اس پر یہ اعتراض کیا تھا کہ یہ اعداد و شمار کی جادوگری ہے، جو حکومت نے دکھائی ہے حقیقی شرح اضافہ 4فیصد سے بھی کم رہی ہے ۔ رواں مالی سال میں شرح نمو 5فیصد تک رکھی گئی تھی۔ پاکستان میں بے روزگاری کی شرح اتنی زیادہ ہے کہ ماہرین کے خیال میں اسے کم کرنے کے لئے شرح نمو ساڑھے سات اور آٹھ فیصد کے درمیان بڑھنی چاہئے۔ لیکن آئندہ کئی سال تک بھی یہ شرح حاصل ہونے کا اس لئے امکان نظر نہیں آتا کیوں کہ ملک کو توانائی کا بحران درپیش ہے بجلی کی لوڈشیڈنگ کی وجہ سے تمام صنعتیں اپنی استعداد کار کے مطابق کام نہیں کر پاتیں جس کی وجہ سے ایکسپورٹ کا ہدف بھی گزشتہ کئی برس سے حاصل نہیں ہو پاتا، 4.7فیصد شرح نمو بھی اگر حاصل ہو جاتی ہے تو یہ معیشت کے لئے نیک فال ہے۔ حکومت نے جو منصوبہ بندی کر رکھی ہے اس کے مطابق 2017ء کے بعد لوڈشیڈنگ اگر بالکل ختم نہیں ہوتی تو بھی کم ضرور ہو جائیگی اس لئے امید ہے کہ 2017/18کے بجٹ میں شرح نمو بڑھ سکے گی، آئی ایم ایف نے پاکستان کی معیشت کی نمو پر اطمینان ظاہر کیا ہے ۔

مزید :

اداریہ -