مفت ادویات کیلئے 520ملین روپے جاری ، سپلیمنٹری گرانٹ آئندہ ماہ ملے گی

مفت ادویات کیلئے 520ملین روپے جاری ، سپلیمنٹری گرانٹ آئندہ ماہ ملے گی

  



 لاہور(جنرل رپورٹر) سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئراینڈ میڈیکل ایجوکیشن نجم احمد شاہ نے کہاہے کہ غریب مر یضو ں کے علاج معالجہ او ران کی فلاح و بہبود کے لئے حکومت فراخدلی کے ساتھ فنڈز فراہم کر رہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ وزیر اعلی محمد شہبازشریف کی ہدایت پر سرکاری ہسپتالوں میں غریب مریضوں کو ادویات کی مفت فراہمی یقینی بنانے کے لئے مزید 520ملین روپے جاری کردئیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ رواں سال کے مالی بجٹ میں حکومت نے سرکاری ہسپتالوں میں ادویات کی مفت فراہمی کے لئے 10ارب 80کروڑ روپے مختص کئے تھے جو پہلے ہی جاری کئے جا چکے ہیں۔انہوں نے یہ بات اپنے آفس میں ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔اجلاس میں ایڈیشنل سیکرٹری ایڈمن اسدنعیم، ایڈیشنل سیکرٹری ڈویلپمنٹ ظہیر عباس ملک، چیف پلاننگ آفیسر عبدالحق بھٹی اور ڈپٹی سیکرٹری بجٹ سر فراز احمد نے شرکت کی۔ سیکرٹری صحت نجم احمد شاہ نے کہاکہ صحت کے شعبہ کی ترقی اور ہسپتالوں کے نظام کو بہتر بنا کر غریب مریضوں کو علاج معالجہ کی معیاری سہولیات کی فراہمی حکومت کا اصل ٹارگٹ ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب صحت کے شعبہ کی ترقی کو بہت اہمیت دیتے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ بیماریوں کی روک تھام اور علاج معالجہ کی سہولیات کی فراہمی کے لئے وسائل کی فراخدلانہ فراہمی کے ساتھ ساتھ ٹیکنالوجی کے استعمال اور نئے اقدامات پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے جس سے عوام کے لئے علاج معالجہ کی سہولیات میں اضافہ ہواہے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ چلڈرن ہسپتال کو 150ملین روپے، سید مٹھا ہسپتال کو 13ملین ، راولپنڈی انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کو 150ملین ، خواجہ صفدر میڈیکل کالج سیالکوٹ کو 15ملین ، ڈیرہ غازی خان میڈیکل کالج کو 55 ملین اور جناح ہسپتال کو 137 ملین روپے کے فنڈز جاری کئے گئے ہیں۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ صوبے کے دیگر سرکاری ہسپتالوں کو بھی سپلیمنٹری گرانٹ کے طو رپر آئندہ ماہ مزید فنڈز ادویات کی فراہمی کے سلسلہ میں جاری کئے جائیں گے۔

مزید : میٹروپولیٹن 1


loading...