مطالبات تسلیم نہ ہوئے تو پھر پنجاب اسمبلی کے سامنے ہی مذاکرات ہوں گے،مجید غوری
لاہور (کامرس رپورٹر)عوامی رکشہ یونین پاکستان کا ہنگامی اجلاس مذاکراتی کمیٹی کے وعدوں پر عمل درآمد کے حوالے سے خصوصی ایجنڈاپیش کیا گیا۔اجلاس میں تمام یونٹوں کے صدور اور جنرل سیکرٹریوں نے بھرپور شرکت کی۔ اجلا س سے خطاب کرتے ہوئے مجید غوری نے کہا کہ ہمارے مطالبات پر عمل درآمد دکیلئے ڈی سی او کی جانب سے قائم کی گئی کمیٹی نے 19اپریل بروز منگل تک کا وقت مانگا ہے جس پر ہم نے تمام ممبران کی مشاورت سے اطمینان کا اظہارکرتے ہوئے اسے قبول کرلیا لیکن ہم ضلعی انتظامیہ اور حکمرانوں کو باور کروا دینا چاہتے ہیں کہ اگر انہوں نے ہمیں دیئے گئے ٹائم فریم تک ہمارے مطالبات پر عمل درآمد نہ کروایا ہم پھر مذاکرات ٹاؤن ہال کی بجائے پنجاب اسمبلی کے سامنے ہی کریں گے۔جس کیلئے ہم نے بھرپور تیاری کی ہوئی ہے۔مجید غوری نے کہاکہ پچھلے سال بھی ہم سے صرف وعدے کئے گئے۔جن کے پورا ہونے کا ہم نے ایک سال تک انتظار کیا۔ لیکن اس بار ایسانہیں ہوگا۔ اگر اس مرتبہ بھی ہمیں دھوکا دینے کی کوشش کی گئی تو۔پنجاب اسمبلی کے سامنے مطالبات کی منظوری تک ہمارے ہزاروں کارکن دھرنا دیں گے۔ جس کی تیاری کیلئے تمام یونٹوں ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔