پنجاب میں 1200میگاواٹ کے 2منصوبے لگائے جارہے ہیں،رانا بابر حسین

پنجاب میں 1200میگاواٹ کے 2منصوبے لگائے جارہے ہیں،رانا بابر حسین

  



لاہور(کامرس رپورٹر) صوبائی پارلیمانی سیکرٹری برائے خزانہ رانا بابرحسین نے کہا ہے کہ پنجاب میں وفاقی حکومت حویلی بہادر شاہ، جھنگ اور بلوکی میں 1200 میگاواٹ کے 2 گیس پاور پلانٹس کے منصوبے لگا رہی ہے جبکہ پنجاب حکومت بِھکی،شیخوپورہ میں 1180 میگاواٹ کا گیس پاور پلانٹ اپنے وسائل سے لگا رہی ہے اور یہ منصوبہ ملک کی تاریخ میں ایک اہم سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔ منصوبہ بجلی کی کمی دور کرنے میں ایک رجحان ساز (ٹرینڈ سیٹر) پراجیکٹ ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں گیس سے 1180 میگاواٹ بجلی کی پیداوار کا یہ منصوبہ سب سے بڑا اور پہلا پراجیکٹ ہے اور پنجاب حکومت نے اس منصوبے پر کام کا آغاز کرکے سبقت لی ہے، مارچ 2017ء میں سنگل سائیکل ٹربائن سے 363 میگاواٹ بجلی کی پیداوار کا آغاز ہوگا جبکہ اپریل 2017ء میں دوسری سنگل سائیکل ٹربائن چلنے سے مزید 363 میگاواٹ بجلی پیدا ہوگی۔ اسی طرح دسمبر 2017 ء میں کمبائنڈ سٹیم گیس ٹربائن سے مجموعی طور پر 1180 میگاواٹ بجلی کا حصول ممکن ہوگااس منصوبے کیلئے جدید ترین ٹیکنالوجی کی حامل گیس ٹربائنز استعمال ہوں گی اور ان انتہائی جدید ترین ٹربائنز کے استعمال سے منصوبے کی استعداد 61.59 فیصد ہوگی جبکہ ماضی میں گیس کی بنیاد پر لگائے گئے منصوبوں کی ٹربائنز کی استعداد 54 فیصد ہے۔

مزید : میٹروپولیٹن 1


loading...