آرمی چیف کا اقتصادی راہداری کے حوالے سے بیان خوش آئندہے،میاں مقصود

آرمی چیف کا اقتصادی راہداری کے حوالے سے بیان خوش آئندہے،میاں مقصود

  



لاہور(خبر نگار خصوصی) امیر جماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمد نے کہا ہے کہ آرمی چیف کا بیان کہ’’پاک چین اقتصادی راہداری قومی ترجیح ہے،تحفظ کے لئے15ہزار افرادی قوت پر مشتمل اسپیشل سیکیورٹی ڈویژن قائم کردیا ہے‘‘ خوش آئندہے۔میاں مقصود احمد نے اقتصادی راہداری منصوبے کوخوشحالی کامنصوبہ قراردیتے ہوئے کہاہے کہ پاکستان دشمن قوتیں اس سے خائف ہیں ۔ بھارت نے معاشی راہداری کے اس منصوبے کوکھلے عام چیلنج کیا ہے۔راء کے افسر کل بھوشن یادیوکی گرفتاری اس بات کا ثبوت ہے کہ راء پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کوناکام بنانے کے لئے بلوچستان اور کراچی کے حالات خراب کررہی ہے ان خیالات کا اظہارانہوں نے گزشتہ روزاہم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاکہ حکمرانوں کی جانب سے پاکستان کے معاملات میں بھارتی مداخلت پرسردمہری دکھاناقابل مذمت امر ہے،آپس کے باہمی اختلافات کوختم کرکے اتحادویکجہتی کے ساتھ آگے بڑھناہوگا۔دشمن قوتیں چاروں اطراف سے حملہ آور ہیں۔میاں مقصود احمد نے اس حوالے سے مزیدکہاکہ گوادر بلوچستان کی ترقی پاکستان کی خوشحالی ہے ضرورت اس امر کی ہے کہ اس کے خلاف برسرپیکاربیرونی دشمن قوتوں کاقلع قمع کیاجائے۔پاکستان وسائل سے مالامال ملک ہے ان سے بھرپوراندازمیں استفادہ کرنا چاہئے۔

مزید : میٹروپولیٹن 1


loading...