پیپلز پارٹی فرینڈلی اپوزیشن کا داغ دھونے کا موقع ضائع نہ کرے،عبدالعلیم خان
لاہور ( نمائندہ خصوصی) تحریک انصاف کے مرکزی رہنما عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی دو کشتیوں کی سوار نہ بنے انہیں ایک مرتبہ پھر "فرینڈلی اپوزیشن" کا داغ دھونے کا موقع مل رہا ہے جسے بلاول بھٹو کو اپنی نادانی سے کھونا نہیں چاہیے تحریک انصاف ملک بھر میں پانامہ لیکس کے خلاف احتجاج کی قیادت کرے گی ،کرپشن کے خاتمے کیلئے فیصلہ کن مرحلہ آچکا ہے اور انشا ء اللہ اب عوام ابھی نہیں تو کبھی نہیں کے اصول پر باہر نکلیں گے۔لاہور ائیر پورٹ پر لندن روانگی سے پہلے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عبدالعلیم خان نے کہا کہ ہم اپنی پارٹی سرگرمیوں کے علاوہ پانامہ لیکس کی فرانزک رپورٹ کی مشاورت کیلئے جا رہے ہیں اور انشا ء اللہ لندن سے اچھی اور مثبت خبریں لائیں گے انہوں نے کہا کہ حکومت کے اوسان خطا ہو چکے ہیں ، حکمران ایک جھوٹ کیلئے سو جھوٹ بولنے کی طرف جا رہے ہیں اسی لیے شریف خاندان اور وزراء صاحبان کے بیانات میں تضادات پائے جاتے ہیں لیکن عوام اصل صورتحال سے بخوبی آگاہ ہیں ایک سوال کے جوا ب میں عبدالعلیم خان نے کہا کہ عمران خان کا موقف ایک مرتبہ پھر درست ثابت ہوا ہے ہماری جنگ ملک سے کرپشن کے خاتمے اور صاف اور شفاف نظام کی تشکیل کیلئے ہے ۔