اسلام پر دہشتگردی کے الزامات لگانے والے اس کی اصل روح سے واقف نہیں ، حافظ سعید

اسلام پر دہشتگردی کے الزامات لگانے والے اس کی اصل روح سے واقف نہیں ، حافظ ...

  



 فیصل آباد (بیورورپورٹ) امیر جماعۃالدعوۃ پاکستان پروفیسر حافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ اسلام پر دہشت گردی کے الزامات لگانے والے اس کی اصل روح سے واقف نہیں ہیں، افغانستان میں شکست کا بدلہ لینے کیلئے داعش جیسی تنظیمیں کھڑی کی گئیں۔ پاکستان سمیت پورے عالم اسلام میں فتنہ و فساد برپا کرنے کی کوششیں کی جارہی ہیں۔ اسلام امن و سلامتی کا دین ہے‘ اس کا دہشت گردی سے کوئی تعلق نہیں۔مسلمان ملکوں میں تخریب کاری و دہشت گردی بیرونی قوتیں کروارہی ہیں۔ کلمہ طیبہ کی بنیاد پر حاصل کئے گئے پاکستان کااستحکام بھی اسلامی شریعت کے نفاذ میں ہے۔ کفر کے فتوے لگا کر قتل و غارت گری جائز نہیں۔امت مسلمہ کو کلمہ طیبہ پر متحد کیا جائے۔ وہ کھرڑیانو الہ کے مقامی شادی ہال میں نظریہ پاکستان کانفرنس سے خطاب اور بعد ازاں فیصل آباد میں مختلف وفود سے گفتگو کر رہے تھے۔ اس موقع پر جماعۃالدعوۃ فیصل آباد کے مسؤل فیاض احمد، حافظ بنیامن عابد، قاری محمد اسحق، حافظ سلمان و دیگر نے بھی خطاب کیا۔ جماعۃالدعوۃ کے سربراہ حافظ محمد سعید نے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ عالم کفر مسلمانوں کو دین اسلام سے دور کرنے کیلئے بے پناہ وسائل خرچ کر رہا ہے۔ اسلام کو بدنام کرنے کی سرتوڑ کوششیں کی جارہی ہیں۔مسلمانوں کو ان سازشوں سے باخبر رہنا ہو گا۔

داعش جیسی تنظیمیں بیرونی قوتوں کی پیداوار ہیں۔ صلیبی و یہودی مسلمانوں کو دھوکہ میں رکھ کر ان کا خون بہا رہے ہیں۔جماعۃ الدعوۃ نے اسلام کی صحیح تصویر دنیا کے سامنے رکھی تاکہ دین اسلام کے دفاع کیلئے جدوجہد اور خدمت انسانیت کا صحیح مفہوم دنیا کو معلوم ہوسکے ۔ اسلام اور پاکستان کے دشمنوں نے جو جنگ اس وقت مسلط کر رکھی ہے اسے متحد ہو کر ناکام بنانا ہوگا ۔انہوں نے کہاکہ کشمیری مسلمان اپنی عزتوں و حقوق کے تحفظ کیلئے غاصب بھارت کیخلاف برسرپیکار ہیں۔ وہ اپنی بقا اور آزادی کی جنگ لڑ رہے ہیں۔بی جے پی کے برسراقتدار آنے کے بعد آٹھ لاکھ بھارتی فوج نہتے کشمیریوں پر بدترین مظالم ڈھارہی ہے ۔ پوری حریت قیادت کو نظربند کر دیا گیا ہے۔ حریت پسندکشمیریوں کو زبردستی گھروں سے اٹھا کر جیلوں میں ڈالا جارہا ہے اور آئے دن معصوم کشمیری نوجوانوں کا خو ن بہایا جارہا ہے لیکن ا سکے باوجود کشمیری مسلمان اپنے سینوں پر گولیاں کھا کر پاکستانی پرچم لہرا رہے ہیں اور اسلام و پاکستان کے حق میں نعرے بلند کر رہے ہیں۔ حافظ محمد سعید نے کہاکہ جماعۃالدعوۃ اسلامی تعلیمات پر عمل پیرا ہوتے ہوئے خدمت انسانیت کا فریضہ انجام دے رہی ہے۔ یہ ملک لاکھوں قربانیاں دیکر حاصل کیا گیا ہے۔ اس کا تحفظ ہم سب پر فرض ہے۔ مسلمانوں کو آپس کے لڑائی جھگڑے اورفرقہ واریت کو ختم کرنا ہوگا ۔ایک دوسرے کو کافرقرار دیکر قتل و غارت گری کی آگ بھڑکانا اسلام وپاکستان دشمنوں کی طرف سے کی جانے والی سازشوں کا حصہ ہے ۔

حافظ سعید

مزید : علاقائی