سوئی گیس کمپنی نے زیر التوا درخواستوں پر کنکشن فراہم کرنے ک حتمی پالیسی تیار کر لی
لاہور( خبرنگار) صوبے بھر میں سوئی ناردن گیس کمپنی نے ارجنٹ گیس کنکشن پالیسی میں تبدیلی سمیت کئی سالوں سے پینڈنگ درخواستوں پر گیس کنکشنوں کے لئے نئی پالیسی کو حتمی شکل دے دی ہے اور صارفین کو بلا تعطل گیس کنکشن فراہم کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ صارفین کو فوری گیس کنکشنوں کی فراہمی کے لئے ایک سمری تیار کر کے وزارت پٹرولیم سے باقاعدہ اجازت بھی طلب کر لی ہے۔ جس کے بعد صارفین کو بلاتعطل گیس کنکشن کی فراہمی کو ممکن بنایا جا سکے گا۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ سوئی گیس کمپنی کے نئے ایم ڈی امجد لطیف کو بتایا گیا ہے کہ لاہور سمیت پنجاب بھر میں 15 لاکھ سے زائد ایسے صارفین ہیں جن کو چار سے پانچ سالوں سے گیس کنکشن فراہم نہیں کیے جا رہے ہیں۔ جس میں زیادہ تر صارفین نے گیس کنکشنوں کی وصولی کے لئے کئی سالوں سے درخواستیں دے رکھی ہیں جبکہ 6 لاکھ سے زائد ایسے صارفین ہیں جنہوں نے گیس کنکشنوں کے لئے باقاعدہ ڈیمانڈ نوٹس کے لئے بھی رجوع کر رکھا ہے اور اکثر صارفین نے ڈیمانڈ نوٹس بھی جمع کروا رکھے ہیں۔ اس کے باوجود صارفین کو گیس کے کنکشن فراہم نہیں کیے جا رہے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ایم ڈی سوئی گیس کمپنی امجد لطیف نے صارفین کو درپیش شکایات کا سخت نوٹس لے لیا ہے اور اس میں ارجنٹ گیس کنکشن کی پالیسی کی بجائے صارفین کو بلاتعطل گیس کنکشن فراہم کرنے کا حکم دے دیا ہے۔ جس کے لئے وزارت پٹرولیم سے اجازت طلب کر لی گئی ہے۔ گیس کمپنی کے حکام کا کہنا ہے کہ گیس کنکشن کی فراہمی کے حوالے سے پہلے سے جاری پالیسی کو تبدیل کر دیا گیا ہے اور اس میں نئی پالیسی کو حتمی شکل دے دی گئی ہے جس کے بعد لاکھوں صارفین کو گیس کنکشن مل سکیں گے۔