بیلا روس کی آٹھ یونیورسٹیوں کے وائس چانسلرزکا پنجاب یونیورسٹی کا دورہ

بیلا روس کی آٹھ یونیورسٹیوں کے وائس چانسلرزکا پنجاب یونیورسٹی کا دورہ

  



لاہور( خبرنگار) بیلا روس کی آٹھ یونیورسٹیوں کے وائس چانسلرزنے پنجاب یونیورسٹی کا دورہ کیا ،جس میں بیلا روس کی یونیورسٹیوں اور پنجاب یونیورسٹی کے درمیان اساتذہ اور طلباء کے ایکسچینج پروگرام پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وائس چانسلر ڈاکٹر مجاہد کامران نے وفد کو بتایا کہ یونیورسٹی میں تحقیق پر گیارہ کروڑ روپے خرچ کیے جارہے ہیں۔ہائر ایجوکیشن کمیشن پاکستان کی دعوت پر بیلا روس کی سرکاری و نجی جامعات کے وائس چانسلرز کے پنجاب یونیورسٹی کے دورے کے موقع پر وائس چانسلر ڈاکٹر مجاہد کامران، ڈی جی ایچ ای سی نذیر حسین، رجسٹرار ڈاکٹر لیاقت علی، ڈاکٹر شاہد کمال، ڈاکٹر زکریا ذاکر، ڈاکٹر شاہد کمال، ڈاکٹر محمد نعیم خان سمیت دیگر سینئر اساتذہ نے بھی شرکت کی۔

بیلا روس وفد کی قیادت وزرات تعلیم کے ڈپٹی وادیم بوگش نے کی۔

بیلا روس کی جامعات سے متعلق ریکٹرز اور وائس ریکٹرز نے بریفنگ دیں۔ بیلا روس کے وفد نے پنجاب یونیورسٹی کے ساتھ پوسٹ گریجویٹ کی سطح پر طلباء اور سینئر اساتذہ کے درمیان تبادلے پر گفتگو کی گئی۔ وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی ڈاکٹر مجاہد کامران نے وفد کو بتایا کہ حکومت پاکستان اعلیٰ تعلیم کی ترقی کے لیے کوشاں ہے اور ہائر ایجوکیشن کمیشن کے قیام سے پاکستان میں اعلیٰ تعلیم کے معیار میں بھی بہتری آئی ہے۔ اُنہوں نے پنجاب یونیورسٹی میں نیچرل سائنسز، لائف سائنسز اور دیگر علوم میں جاری تحقیقی منصوبوں پر بھی بریفنگ دی۔ بیلا روس کے وزارت تعلیم کے ڈپٹی وادیم بوگش نے پنجاب یونیورسٹی میں موجود تعلیمی سہولیات کو سراہا اور مستقبل میں یونیورسٹی کے ساتھ تعلیمی معائدات کرنے میں بھی دلچسپی کا اظہار کیا۔ وفد کے اعزا ز میں پنجاب یونیورسٹی کی جانب سے یونیورسٹی کلب میں ظہرانہ بھی دیا گیا۔

مزید : میٹروپولیٹن 4


loading...