مٹھی بھر اشرفیہ کو غریبوں کی مخالفت کی آڑ میں میٹروٹرین منصوبے میں رخنہ نہیں ڈالنے دونگا ، شہباز شریف

مٹھی بھر اشرفیہ کو غریبوں کی مخالفت کی آڑ میں میٹروٹرین منصوبے میں رخنہ ...

  



 لاہور (کامر س رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ لاہور اورنج لائن میٹرو ٹرین کا منصوبہ چین کا پاکستان کے عوام کیلئے ایک شاندار تحفہ ہے اور اس منصوبے میں سوفیصدسرمایہ کاری چین کی ہے۔ اورنج لائن میٹرو ٹرین کے عظیم الشان منصوبے سے عام آدمی کو سفر کی جدید آرا م دہ اور باوقار سہولتیں میسر آئیں گی اور بے توقیری سے سفر کرنے کا خاتمہ ہو گا۔بدقسمتی سے مٹھی بھر اشرافیہ ذاتی مفادات کی خاطر عام آدمی کے منصوبے کی مخالفت کر رہی ہے اور اشرافیہ کا یہ گروہ غریب عوام کو بہتر سفری سہولتوں کی فراہمی پر خوش نہیں ہے اور مجھے امید ہے کہ عدلیہ میرٹ اورانصاف پر فیصلہ دے گی۔میں کسی بھی صورت مٹھی بھر اشرافیہ کو غریبوں کی مخالفت کی آڑ میں اس عظیم الشان منصوبے میں رخنہ نہیں ڈالنے دو ں گااورمیٹروٹرین کے منصوبے کو ملکر آگے بڑھائیں گے۔ میری عوام اور میڈیا سے گزارش ہے کہ اگر کھٹارا بسوں، چنگ چی رکشاؤں اور ٹوٹی پھوٹی ویگنوں سے جان چھڑانی ہے تو پھر اورنج لائن میٹرو ٹرین کے منصوبے کی حمایت کرنا ہوگی اور اس کی جلد از جلد تکمیل کیلئے حکومت کا ساتھ دینا ہوگا۔ چین نے پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کیلئے 46 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا پیکیج اور اورنج لائن میٹرو ٹرین کا تحفہ دے کر پاکستان سے دوستی کا حق نبھایا ہے اور اب ان مواقع سے فائدہ اٹھانا ہماری ذمہ داری ہے۔چین نے پاکستان میں ترقی اورخوشحالی کے سفر کی مضبوط بنیاد فراہم کردی ہے اب پاکستان کے سرمایہ کاروں اوربزنس مینوں نے آگے بڑھ کر اس عظیم موقع سے فائدہ اٹھانا ہے اور عوام کو احساس دلانا ہے کہ آپ بھی پاکستان کی ترقی اورخوشحالی میں بھر پور کردارادا کریں گے۔ پنجاب اور چین کے صوبے شین ڈونگ کے مابین مختلف شعبوں میں تعاون جاری ہے، تاہم دو طرفہ معاشی روابط کو مزید فروغ دیا جائے گا۔پنجاب اورشین ڈونگ ترقی اورخوشحالی کے سفر میں ایک عظیم پارٹنربن سکتے ہیں۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے ان خیالات کا اظہار آج یہاں مقامی ہوٹل میں پنجاب سرمایہ کاری بورڈ کے زیراہتمام ’’پنجاب شین ڈونگ بزنس فورم‘‘ کے افتتاحی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر پنجاب حکومت اور شین ڈونگ صوبے کے مابین تعاون بڑھانے کے حوالے سے دو معاہدوں اور دونوں صوبوں کے نجی شعبوں کے مابین اشتراک کار کیلئے 6 مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کئے گئے۔ معاہدوں پر وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف اور شین ڈونگ کے نائب گورنر ژاہ زنگ (Mr.Xia Geng) نے دستخط کئے۔فریم ورک معاہدے کے تحت شین ڈونگ صوبہ پنجاب میں انڈسٹریل پارک کے قیام میں تعاون کرے گا۔ معاہدوں کے تحت زراعت، لائیوسٹاک و ڈیری، توانائی، مائننگ، انفراسٹرکچر، صحت، تعلیم، انفارمیشن ٹیکنالوجی، مینوفیکچرنگ، اکنامک اینڈ انڈسٹریل زون ڈویلپمنٹ، اشیاء اور خدمات کی تجارت، سیاحت، بینکنگ، فنانشل سروسز میں تعاون بڑھایا جائے گاجبکہ نجی شعبہ کو سرمایہ کاری بڑھانے اور تجارتی تعلقات کو وسعت دینے کیلئے نجی شعبہ کی حوصلہ افزائی کی جائے گی اور تجارتی سیمینار اور تجارتی وفود کے تبادلے ہوں گے۔ وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چین کے صوبے شین ڈونگ کے نائب گورنر، ان کے وفد کے اراکین اور سرمایہ کاروں کو لاہور آمد پر خوش آمدید کہتے ہیں۔ میرے گزشتہ سال دورہ چین کے دوران بیجنگ میں شین ڈونگ کے نائب گورنر سے ملاقات ہوئی تھی جس میں دونوں صوبوں کے مابین معاشی تعاون بڑھانے کے حوالے سے سودمند بات چیت ہوئی تھی۔ پنجاب اور شین ڈونگ کے درمیان توانائی، ٹیکسٹائل اور دیگر شعبوں میں تعاون جاری ہے اور دونوں صوبے صنعتی شعبے میں بہترین شراکت دار بن سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب اور شین ڈونگ زراعت، انفراسٹرکچر، ٹیکسٹائل، انفارمیشن ٹیکنالوجی، مینوفیکچرنگ، میڈیسن، انجینئرنگ، ٹرانسپورٹ اور دیگر مختلف شعبوں میں دو طرفہ تعاون بڑھا کر ترقی اور خوشحالی کے حوالے سے عظیم پارٹنر ثابت ہوسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چائنہ پاکستان اکنامک کوریڈور کے تحت پاکستان بھر میں منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے۔ سی پیک کے تحت شین ڈونگ نے ساہیوال میں 1320 میگاواٹ کول پاور پلانٹ کے منصوبے میں 1.8 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی ہے انہوں نے کہا کہ شین ڈونگ چین کا ترقی یافتہ صوبہ ہے جس کا جی ڈی پی ایک ٹریلین ڈالر ہے جبکہ اس کی برآمدات 240 ارب ڈالر ہیں جو پاکستان کی مجموعی برآمدات سے 10 گنا زیادہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت اور شین ڈونگ کے مابین طے پانے والے دو طرفہ معاشی تعاون بڑھانے کے معاہدے خوش آئند ہیں جس سے پنجاب کو شین ڈونگ صوبے کی ٹیکنالوجی سے استفادہ کرنے کا موقع بھی ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ چین کے صدر کے ون بیلٹ ون روڈ کے وژن پر عمل کرکے خطے کو ترقی دی جا سکتی ہے۔ وزیراعظم نواز شریف کی ترقیاتی حکمت عملی اور وژن کو عملی جامہ پہنانے کیلئے دن رات کاوشیں جاری ہیں اور پاکستان بھر میں مکمل ہونے والے میگا پراجیکٹس ان کے ترقیاتی وژن کی تکمیل کی جانب اہم قدم ہے۔نائب گورنر ژاہ زنگ شین ڈونگ نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس سیمینار میں شرکت میرے لئے باعث اعزاز ہے اور یہ سیمینار دونوں صوبو ں کے مابین معاشی تعاون کو فروغ دینے کے حوالے سے سودمند ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین کے مابین دوستی کا لازوال رشتہ موجود ہے اور دونوں ملکوں کا معاشی تعاون وسعت پا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب اور شین ڈونگ کے مابین معاشی تعاون بڑھانے کے وسیع امکانات موجو دہیں اور اس مقصد کے حصول کیلئے معاشی معاہدے کئے گئے ہیں۔ چیئرمین پنجاب سرمایہ کاری بورڈ نے خطبہ استقبالیہ پیش کرتے ہوئے پاک چین معاشی تعاون اور پنجاب میں سرمایہ کاری کے امکانات پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔ انہوں نے بتایا کہ پنجاب میں زراعت، ڈیری فارمنگ، لائیوسٹاک، توانائی، ہاؤسنگ، ٹرانسپورٹ اور دیگر شعبوں میں چین کے سرمایہ کاروں کیلئے سرمایہ کاری کے بڑے مواقع موجود ہیں۔ دونوں ممالک کے نجی شعبے آگے بڑھ کر پاکستان اور چین کے معاشی تعاون کو بڑھانے اور دو طرفہ دوستی کو مضبوط بنانے کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔ صوبائی وزیر صنعت چوہدری محمد شفیق، خواجہ احمد حسان، چینی قونصل جنرل یو بورن، چیئرمین پنجاب سرمایہ کاری بورڈ عبدالباسط، اراکین قومی و صوبائی اسمبلی، چین اور پاکستان سے صنعتکاروں اور تاجروں نے سیمینار میں شرکت کی۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف سے پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر عبداللہ مرزوق الزہرانی نے اسلام آباد میں ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور،پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دو طرفہ تعلقات کے فروغ ،باہمی تجارت اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بات چیت ہوئی۔وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے اس موقع پر پاکستان کی سماجی ترقی اور صنعت و تجارت کے فروغ میں سعودی حکومت کے تعاون اور کردار کو سراہا ۔ انہوں نے کہاکہ سعودی عرب کیساتھ پاکستان کے گہرے دوستانہ ،برادرانہ ،مذہبی اورتاریخی تعلقات قائم ہیں۔پاکستان کی سماجی ترقی اور صنعت و تجارت کے فروغ میں سعودی حکومت کا تعاون اورکردارلائق تحسین ہے۔ سعودی عرب نے مشکل کی ہر گھڑ ی میں پاکستان کا بھر پور ساتھ دیا ہے۔پاکستان اور سعودی عرب کے گہرے برادرانہ اور دوستانہ روابط میں وقت کیساتھ مضبوطی آرہی ہے۔ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے اورسعودی عرب اور پاکستان کے مابین تجارتی اور اقتصادی تعلقات میں اضافہ ہو رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت ہر شعبہ زندگی میں بہتری لانے کے لئے کوشاں ہے اور خاطر خواہ وسائل قومی ترقی اور عوامی خوشحالی پر صرف کئے جا رہے ہیں اور وزیراعظم نواز شریف کی قیادت میں حکومت ملک کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کیلئے کوشاں ہے۔ سعودی سفیر نے پنجاب میں سماجی بہبود اور معاشی ترقی کے اقدامات کو سراہتے ہوئے سعودی حکومت کی طرف سے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا اور کہا کہ سعودی عرب پاکستان کے ساتھ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے۔ دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات مزید مستحکم ہو رہے ہیں۔

مزید : صفحہ اول


loading...