پاکستان ایران سے تجارتی ، اقتصادی اور پارلیمانی تعلقات کو فروغ دینا چاہتا ہے ، پرویز رشید
اسلام آباد(آئی این پی)وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ پاکستان ایران کے ساتھ تجارتی،اقتصادی اور پارلیمانی تعلقات کو مزید فروغ دینا چاہتاہے،دہشتگردی وشدت پسندی سب کی دشمن ہے مل کر لڑنا ہوگا جبکہ ایرانی سفیرمہدی ہنر دوست نے کہا ہے کہ ایران پاکستان کی سلامتی کو اپنی سلامتی سمجھتاہے۔ایران اپنی سرزمین کسی ملک کے خلاف استعمال نہیں ہونے دے گا۔جمعرات کو وفاقی وزیراطلاعات ونشریات سینیٹر پرویز رشید سے پاکستان میں ایرانی سفیر مہدی ہنر دوست نے ملاقات کی انہوں نے یقین دہانی کروائی کے ایران اپنی سرزمین کسی دوسرے ملک کے خلاف استعمال نہیں ہونے دے گا۔وزیراطلاعات پرویز رشید نے کہا کہ پاکستان ایران کو قریب دوست اور ہمسایہ ملک سمجھتاہے،ایران کے ساتھ روایتی،برادرانہ،مضبوط تعلقات رہے ہیں۔ایرانی صدر کا گذشتہ دورہ پاکستان بڑی کامیابی تھی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ایران سے تجارتی،اقتصادی،پارلیمانی تعلقات کو مزید فروغ دے گا۔سائنس ٹیکنالوجی،سرحدی انتظام،ثقافتی وعوامی رابطوں میں بھی تعلقات بڑھیں گے۔انہوں نے کہا کہ دہشتگردی وشدت پسندی سب کے دشمن ہیں،مل کرلڑنا ہوگا۔ایرانی سفیر کی مہدی ہنر دوست نے کہا کہ ایران پاکستان کے سلامتی امور ایک دوسرے کے ساتھ جڑے ہیں۔ایران پاکستان کی سلامتی کو اپنی سلامتی سمجھتا ہے،دونوں رہنماؤں کی ملاقات میں پاکستان اور ایران کے درمیان میڈیا اور اطاعات کے شعبے میں تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا،ایرانی سفیر نے اعلیٰ سطح کے میڈیا نمائندوں کے دوروں کی تجویز پیش کی۔وزیراطلاعات ونشریات پرویز رشید نے کہا کہ میڈیا نمائندوں کے دوروں کی تجویز پر ایران کو مکمل تعاون فراہم کیا جائے گا۔
پرویز رشید