مصری شاہ ، دو منزلہ خستہ حال گھر زمین بوس ، ماں 4بچوں سمیت جاں بحق ،3 زخمی

مصری شاہ ، دو منزلہ خستہ حال گھر زمین بوس ، ماں 4بچوں سمیت جاں بحق ،3 زخمی

  



 لا ہور ( کرائم رپورٹر،وقائع نگار)مصری شاہ کے علاقہ فاروق گنج میں دو منزلہ گھر کی بوسیدہ چھت گرنے سے ماں4 بچوں سمیت جاں بحق ہو گئی ، جبکہ3 زخمی افراد کو طبی امداد کیلئے ہسپتال پہنچا دیا گیا ،جاں بحق ہونے والوں کا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے ۔حادثہ عمارت کی خستہ حالی کی وجہ سے پیش آیا،مقامی لوگوں کے مطابق انہوں نے ملبے تلے دب جانے والوں کو اپنی مدد آپ کے تحت نکال کر ہسپتال پہنچایا ،ریسکیو اہلکار موقع پر تاخیر سے پہنچے ہیں مقامی لوگوں نے ضلعی انتظامیہ کے خلاف نعرے بازی کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق مصری شاہ کے علاقہ فاروق گنج کا رہائشی زبیر بیوٹی سیلون کا کام کرتاہے اور کرائے کے گھر میں اپنی بیوی او ر5 بچوں کے ہمراہ رہائش پذیر تھا ،گزشتہ روز دو منزلہ گھر کی چھت اچانک زو ر دار دھماکہ سے زمین بوس ہو گئی جس کے باعث گھر میں موجود تمام افراد چھت کے ملبے تلے دب گئے ،واقعہ پر ریسکیو ٹیموں کو اطلاع کردی گئی اور اہل محلہ ریسکیو ٹیموں کی آمد سے قبل ہی ملبے تلے دبے ہوئے افراد کو نکالنے کی کوشش کرتے رہے تاہم ریسکیو ذرائع کے مطابق امدادی ٹیموں نے گھنٹوں کاوشوں کے بعد ملبے تلے دبے ہوئے افراد کو نکالا ذرائع کے مطابق مکان میں کل 8افراد موجود تھے جن میں سے 5افراد کو فوری طور پر مکان کے ملبے سے اہل علاقہ نے نکال لیاجن میں بہن بھائی 11سالہ شایان اور7سالہ نمرہ بھی شامل تھے ۔ 11سالہ عمیر ہسپتال لیجاتے راستے میں ہی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے زندگی کی بازی ہار گیا جبکہ نمرہ بھی ہسپتال میں زخموں کے تاب نہ لاتے ہو ئے چل بسی، بعد ازاں ایک گھنٹے کے بعد ملبے تلے سے شایان ،ارم اور ان کی والدہ کی لاشیں بھی نکال لی گئیں ،واقعہ کے بعد پولیس کی بھاری نفری اور افسران جائے وقوعہ پر پہنچ گئے جہاں جاں بحق ہونے والے افراد کی نعشوں کو مردہ خانے منتقل کردیا گیا ،واقعہ میں جاں بحق ہونے والے افراد کے رشتے دار بھی جائے وقوعہ پر پہنچ گئے جو اپنوں کی لاشوں سے لپٹ کر روتے رہے پولیس کی جانب سے مالک مکان کے خلاف کارروائی شروع کردی گئی جس کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارنے شروع کردیئے گئے ہیں ۔

مزید : صفحہ اول


loading...