داعش نے ہیلری کے دومسلمان حامی قتل کرنے کاحکم دیدیا،امریکی اخبار

داعش نے ہیلری کے دومسلمان حامی قتل کرنے کاحکم دیدیا،امریکی اخبار

  



واشنگٹن (اظہر زمان، بیورو چیف) داعش نے ڈیمو کریٹک پارٹی کی صدارتی ٹکٹ کی امیدوار ہیلری کلنٹن کے ساتھی دو مسلمان لیڈروں کو قتل کرنے کے احکامات جاری کردیئے ہیں۔ امریکی اخبار ’’یو ایس اے ٹو ڈے‘‘ کے مطابق داعش نے انتخابات میں ہیلری کی قریبی معاون ہما عابدین اور کانگریس میں کیتھ ایلیسن کو اس فہرست میں شامل کرلیا ہے جس میں امریکہ اور دنیابھر کے لیڈروں کے نام ہیں ۔جنہیں داعش مستقبل میں اپنا ٹارگٹ بنانا چاہتی ہے۔ داعش کے انگریزی میگزین ’’دابق‘‘ میں چھپنے والے اس پیغام کا حوالہ دیتے ہوئے اخبار نے لکھا ہے کہ ان پر مسلم عقیدوں کو مسترد کرنے کا الزام ہے۔ میگزین میں برسلز میں ہونے والے دہشت گردی کے واقعے کی تعریف کرتے ہوئے اس میں شریک چار افراد کو ’’بہادر‘‘ (Knight) کا خطاب بھی دیا گیا ہے۔ میگزین میں لکھا ہے کہ ’’پیرس حملے کے ذریعے وارننگ دی گئی تھی جس کے بعد یورپ کے دل برسلز میں ہونے والی کارروائی ایک یاد دہانی ہے‘‘۔ امریکی کانگریس میں کیتھ ایلسن مسلمان عقیدے والا پہلا کانگریس کا رکن ہے جس نے تھامس جیفرسن کی ملکیت قرآن پاک کے نسخے پر پہلا حلف اٹھایا تھا۔ ہما عابدین امریکی وزارت خارجہ میں ہیلری کے ماتحت کام کرچکی ہے اور اب اس کی صدارتی مہم چلا رہی ہے۔ پاکستانی نژاد مسلمان ہما عابدین کے بارے میں خیال ہے کہ ہیلری کلنٹن کے صدر منتخب ہونے کی صورت میں وہ وائٹ ہاؤس کی ’’چیف آف سٹاف‘‘ متعین کی جائے گی۔

مزید : صفحہ آخر


loading...