سینئر صحافی آفاق احمد خان امریکہ میں انتقال کرگئے
کراچی (اسٹاف رپورٹر) سینئر صحافی آفاق خان مرحوم انتہائی ہمت والے صحافی تھے، جو کہ امریکہ میں انتقال کرگئے۔ انہوں نے امریکہ میں دوسری قوموں کیلئے بھی کام کیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار سینئر صحافی نذیر احمد خان نے کراچی پریس کلب میں مرحوم آفاق احمدخان کی تعزیت کے سلسلے میں ہونے والے اجلاس میں کہی۔ اس موقع پر پریس کلب کے سابق سیکریٹری طاہر حسن خان ، اے ایچ خانزادہ ، توصیف احمد خان ، مقصود یوسفی ،سراج امجدی ، ایس ایم الطاف، سعید قادری ، ناصر عباس اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر نذیر احمد خان نے کہا کہ آفاق خان 1998ء میں امریکہ گئے تھے جہاں انہوں نے صحافتی شعبے میں انتھک محنت کے بعد نام پیدا کیا۔ طاہر حسن نے کہا کہ میں اُن کی بات پر حیران ہوتا تھا کہ وہ تقریباً 18گھنٹے کام کرتے تھے اور آرام کرنے کا وقت بہت کم ملتا تھا۔ اور اس مسلسل محنت کی وجہ سے ان کو کینسر جیسے موذی مرض نے آگھیرا اور وہ امریکہ میں انتقال کرگئے۔ ڈاکٹر توصیف نے کہا کہ وہ ایک خوددار اور اصول پسند انسان تھے، ایسی مثالیں بہت کم ملتی تھیں۔ مقصود یوسفی نے کہا کہ میں مرحوم کو زمان�ۂ طالبعلمی سے جانتا ہوں، انہوں نے اسپورٹس پر ایک کامیاب میگزین بھی نکالا ۔ سینئر صحافی سراج امجدی نے کہا کہ انہوں نے امریکہ میں روشنی کے نام سے اپنا ایک جریدہ نکالا تھا اور اسی سے ان کی شناخت بنی، وہ انسان دوست آدمی تھے، نہ صرف پاکستانی بلکہ دیگر ممالک کے لوگوں سے ان کے انتہائی دوستانہ مراسم تھے۔