معیاری تعلیم کافروغ وقت کی اہم ضرورت ،ملک رفیق رجوانہ

معیاری تعلیم کافروغ وقت کی اہم ضرورت ،ملک رفیق رجوانہ

  



راولپنڈی(جنرل رپورٹر)گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے کہا ہے کہ معیاری تعلیم کافروغ وقت کی اہم ضرورت ہے اوراپنی قابلیت سے دنیا میں ملک و قوم کا نام روشن کرنے والے زہین پاکستانی طلباء طالبات اور ان کے تعلیمی اداروں کی اعلی کارکردگی قابل فخر ہے ۔ انہوں نے یہ بات روٹس ملینیم سکولز کے زیر اہتمام اعلی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرکے دنیا کے مقتدراور عالمی شہرت یافتہ تعلیمی اداروں میں تعلیمی وظائف حاصل کرنے والے روٹس ملینیم سکول کی طلباء و طالبات کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ تقریب میں گورنر خیبرپختونخواہ ظفر اقبال جھگڑا، وزیر مملکت کیڈ ڈاکٹر طارق فضل چوہدری ،مسعود خان ، برطانیہ ، رومانیہ ، کیوبا، پرتگال ، میانمار، سری لنکا ، یونان ، نیپال اور متعدد دیگر ملکوں کے سفارت کاروں ،ماہرین تعلیم، مختلف شعبہ زندگی کی نمایاں شخصیات ، فکلٹی ممبر، والدین اور طلباؤ طالبات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ گورنر پنجاب نے روٹس ملینیم سکول کے طلباء طالبات کی شاندار کامیابیوں پر انہیں، ان کے والدین فکلٹی ممبرزاور سکول انتظامیہ کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ جن بچوں نے کامیابیوں کے نئے ریکارڈ قائم کرکے دنیا میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا وہ اپنی کامیابیوں میں ملک کے پس ماندہ علاقوں کے ان بچوں کو بھی یاد رکھیں جو اعلی تعلیمی سہولیات سے محروم ہیں اوران کے والدین تعلیمی اخراجات برداشت کرنے کی سکت نہیں رکھتے۔ انہوں نے کہاکہ وزیر اعظم پاکستان محمد نواز شریف کی قیادت میں حکومت معیار تعلیم کی بہتری کیلئے نہ صرف کوشاں ہے بلکہ سرکاری سکول کے طلباء و طالبات کو اعلی تعلیمی اداروں میں معیاری تعلیم کے مواقع بھی فراہم کئے جا رہے ہیں تاکہ وہ بھی پڑھ لکھ کر ملک کی مستقبل سنوار سکیں۔ گورنر پنجا ب نے کہاکہ بیرون ملک اعلی تعلیمی اداروں میں تعلیمی وظائف حاصل کرنے والے اپنے اعلی کارکردگی اور رویئے سے ملک کا امیج بہتر بنائیں اور دنیا کو یہ باور کرائیں کہ دہشت گردی کا شکار ہونے کے باجود پاکستان ہر شعبہ زندگی میں نمایاں کردار ادا کر رہا ہے اور تعلیمی شعبے میں بھی پاکستان طلباء و طالبات کی کارکردگی قابل ستائش ہے۔انہوں نے کہاکہ صاحب ثروت افراد ایسے بچوں کو تعلیمی سہولیات کی فراہمی میں اپنا کردار ادا کریں جو غربت اور پس ماندگی کا شکار ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے کئی علاقوں میں ابھی تک لوگ بنیادی سہولیات اور پینے کے صاف پانی تک سے محروم ہیں ،ہمیں غربت اور بے روزگاری کا سامنا ہے اور کئی علاقے احساس محرومی کا شکار ہیں اور تعلیمی انقلاب سے ہی ہم جہالت کے یہ اندھیرے دور کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ اعلی اداروں میں تعلیم کے مواقع حاصل کرنے والے خوش نصیب طلباء و طالبات اعلی مقام حاصل کرکے ملک میں قائدانہ کردار ادا کریں اور وطن عزیز سے جہالت کا خاتمہ کرنے میں اپنا کردار ادا کریں۔ گورنر خیبر پختونخواہ ظفر اقبال جھگڑا نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی سٹوڈنٹس کا ٹیلنٹ لا ثانی ہے اور روٹس ملینیم کے بچوں نے اعلی تعلیمی اداروں میں وظائف حاصل کرکے اپنی برتری ثابت کی ہے اور دوسروں کے لئے ایک مثال قائم کی ہے۔ انہوں نے کہاکہ تعلیم کے بغیر ترقی کا حصول ممکن نہیں اور ہم ملک و قوم کے روشن مستقبل کے لئے تعلیم کو قومی ترجیحات میں خصوصی اہمیت دے رہے ہیں اور تعلیمی سہولیات میں اضافہ کرکے طلباء و طالبات کو آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کر رہے ہیں۔ اس موقع پر برطانیہ کے ہائی کمشنر نے بھی خطاب کیا اور تعلیمی شعبے میں پاکستان حکومت کے اقدامات اور طلباء و طالبات کی کامیابیوں کو سراہا اور اس سلسلے میں ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔ روٹس ملینیم سکول کے چیف ایگزیکٹو چوہدری فیصل مشتاق نے کہا کہ روٹس ملینیم کے سٹوڈیٹس نے حیران کن کامیابیاں اور اعلی تعلیمی اداروں کے سکالرشپس حاصل کرکے اپنے ادارے اور ملک کا نام روشن کیا ہے۔ انہوں نے کامیاب سٹوڈیٹس کے والدین کو مبارک باد دی اور ان کے لئے نیک تمناوں کا اظہار کیا۔سفیر مسعود خان اور دیگر مقررین نے تقریب سے خطا ب کیا اور اعلی اعزازات پر مباک باد دی ۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر


loading...