پاکستان ایران کو قریبی دوست اور پڑوسی ملک تصور کرتا ہے،پرویز رشید

پاکستان ایران کو قریبی دوست اور پڑوسی ملک تصور کرتا ہے،پرویز رشید

  



اسلام آباد(سٹاف رپورٹر) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات و قومی ورثہ سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ پاکستان ایران کو ایک قریبی دوست اور پڑوسی ملک تصور کرتا ہے جس کے ساتھ ہمارے روایتی، خوشگوار اور برادرانہ تعلقات ہیں۔ جمعرات کو یہاں ایرانی سفیر مہدی ہنر دوست کے ساتھ ملاقات کے دوران بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے ایران کے صدر حسن روحانی کے حالیہ دورہ پاکستان کو بڑا کامیاب قرار دیا اور کہا کہ اس دورہ سے حاصل ہونے والے ثمرات کو مزید تقویت دی جائے گی جسے دونوں ممالک کے عوام کے باہمی مفاد کیلئے بروئے کار لایا جائے گا جس سے دونوں ممالک کے عوام کو فائدہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تجارت، معیشت، پارلیمانی تبادلوں، سائنس اور ٹیکنالوجی، سرحدی انتظام، ثقافت اور عوامی سطح پر روابط جیسے شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے خواہاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردی اور انتہاپسندی مشترکہ دشمن ہیں اور ہم خطہ میں امن و سلامتی کو یقینی بنانے کیلئے دہشتگردوں کے مکروہ عزائم کو ناکام بنانے کیلئے مربوط کوششیں کریں گے۔ ایرانی سفیر نے کہا کہ پاکستان اور ایران کی سلامتی آپس میں قریبی طور پر جڑی ہوئی اور ہم پاکستان کی سلامتی کو اپنی سلامتی تصور کرتے ہیں۔ انہوں نے یقین دلایا کہ ایران اپنی سرزمین کسی ملک کے خلاف استعمال نہیں ہونے دے گا۔ ملاقات کے دوران سینیٹر پرویز رشید اور مہدی ہنر دوست نے میڈیا اور اطلاعات کے شعبہ میں تعاون کا بھی جائزہ لیا۔ ایرانی سفیر نے اعلیٰ سطحی دوروں اور میڈیا کے وفود کے تبادلوں پر زور دیا تا کہ ایک دوسرے کے بہترین تجربات سے استفادہ کیا جا سکے۔ وزیر اطلاعات نے اس سلسلہ میں ایرانی سفیرکو اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔

مزید : کراچی صفحہ اول