عوام اور حکومت کے مابین فاصلے کم کرنے کیلئے کمیونیکشن و پبلک ریلیشن قائم کیا گیا :عنایت اللہ

عوام اور حکومت کے مابین فاصلے کم کرنے کیلئے کمیونیکشن و پبلک ریلیشن قائم کیا ...

  



پشاور( پاکستان نیوز)خیبرپختونخوا کے سینئر وزیربرائے بلدیات ودیہی ترقی عنایت اللہ خان نے کہا ہے کہ موجودہ زمانے میں ذرائع ابلاغ اورالیکٹرانک میڈیا کی اہمیت سے انکار نہیں کیا جاسکتاہے اسی اہمیت کو مدنظر رکھتے ہوئے محکمہ بلدیات میں ایک علیحدہ کمیونیکشن اینڈ پبلک ریلیشن سیل قائم کیاجارہا ہے تاکہ عوام اورحکومت کے درمیان فاصلے کم ہو اور عوام کے مسائل بروقت حل ہوسکیں۔ان خیالات کااظہار انہوں نے جمعرات کے روز پشاور میں محکمہ بلدیات کی کمیونیکشن سٹریٹیجی برائے 2016-20 کے افتتاح کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر سیکرٹری بلدیات ،ایڈیشنل سیکرٹری بلدیات،ڈی جی لوکل گورنمنٹ،جی آئی زیڈ اوردیگر محکموں کے نمائندوں نے شرکت کی۔ تقریب کااہتمام پاکستان میں جی آئی زیڈ کے تعاون سے کیاگیا تھا۔ ایڈیشنل سیکرٹری بلدیات برکت اللہ جو ریفارمزمنیجمنٹ سیل کے سربراہ بھی ہیں نے بریفنگ میں بتایا کہ طویل المدتی کمیونکیشن سٹریٹیجی کے پانچ سالہ ایکشن پلان پر عمل درآمد سے حکومت اورعوام کے درمیان مضبوط تعلقات قائم ہوں گے بلکہ عوام کے مسائل کے حل میں بھی مددملے گی۔سینئر صوبائی وزیر نے کہا کہ محکمہ بلدیات انتہائی اہم محکمہ ہے جس نے قلیل مدت میں عوامی فلاح وبہبودکے لئے موثراقدامات کیئے۔انہوں نے کہا کہ میڈیا کی اہمیت کو مدنظررکھتے ہوئے محکمہ اطلاعات کو بھی جدید خطوط اور مستقل بنیادوں پرفعال بنانے کی ضرورت ہے کیونکہ اس کے افسران ہرمحکمے کی کارکردگی کو عوام تک پہنچانے میں اہم کرداراداکرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ محکمہ اطلاعات کی فعالیت اور اسے تمام ضروری جدیدآلات کی فراہمی سے محکمہ اطلاعات کے افسران جدید چیلنجوں سے نمٹ سکیں گے اور صوبائی حکومت کی پالیسیوں اور عوامی فلاح وبہبود کے اقدامات کو صحیح طریقے سے اجاگرکرنے کے قابل ہوسکیں گے ۔صوبائی وزیر نے کہا کہ محکمہ بلدیات کے میڈیا سیل کے قیام سے محکمے کی کارکردگی اوراقدامات سے عوام کو باخبر رکھنے میں نہ صرف مدد ملے گی بلکہ عوام کی شکایات کا بھی بروقت ازالہ کیا جاسکے گا۔تقریب سے جی آئی زیڈ کے نمائندے مسٹر کرسٹن نے بھی خطاب کیا۔

مزید : پشاورصفحہ اول


loading...