راجن پور ،آپریشن ضرب آہن جاری ،پولیس نے فضائی آپریشن کیلئے فوج سے مدد طلب کر لی

راجن پور ،آپریشن ضرب آہن جاری ،پولیس نے فضائی آپریشن کیلئے فوج سے مدد طلب کر ...

  



راجن پور ( اے این این ) راجن پور میں ڈاکوؤں کے خلاف آپریشن ضرب آہن جاری ٗ پولیس نے فضائی آپریشن کیلئے فوج سے مدد طلب کرلی ٗآپریشن میں شہید ہونے والے مزید 5 پولیس اہلکاروں کی لاشیں حکام کے حوالے کردی گئیں ٗ کل تعداد 10 ہوگئی ۔ تفصیلات کے مطابق راجن پور کے چھوٹو گینگ کے خلاف پولیس اور رینجرز کا مشترکہ آپریشن جاری ہے اور گزشتہ روز کارروائی کے دوران دوطرفہ فائرنگ کے تبادلے میں 6 پولیس اہلکار شہید اور کئی زخمی ہوگئے تھے جب کہ چھوٹو گینگ نے 22 اہلکاروں کو بھی یرغمال بنا لیا جس کے بعد پولیس نے چھوٹو گینگ کے خلاف فضائی آپریشن کیلئے پاک فوج سے مدد طلب کرلی اور اس حوالے سے کورکمانڈر ملتان سے تحریری درخواست بھی کردی گئی۔آئی جی پنجاب مشتاق سکھیرا نے کورکمانڈر ملتان سے ملاقات بھی کی اور راجن پور میں جاری چھوٹو گینگ کے خلاف آپریشن پر تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر انہوں نے راجن پور کے کچے کے علاقے میں چھوٹو گینگ کے قبضے سے متعلق بھی کورکمانڈر ملتان کو آگاہ کیا۔دوسری جانب چھوٹو گینگ کا کہنا ہے کہ پولیس کی جانب سے شروع کیا گیا آپریشن فوری طور پر بند کیا جائے بصورت دیگر یرغمال بنائے گئے پولیس اہلکاروں کو آزاد نہیں کیا جائے گا۔ ادھرراجن پور میں چھوٹو گینگ کیخلاف آپریشن میں شہید ہونے والے مزید پانچ پولیس اہلکاروں کی لاشیں حکام کے حوالے کر دی گئیں ، سانحے میں شہید ہونے والے اہلکاروں کی تعداد10 ہوگئی ہے ۔ کچے کے علاقے میں پولیس حکام نے چھوٹو گینگ کیخلاف آپریشن شروع کر رکھا ہے اب تک پولیس کے10 جوان جام شہادت نوش کر چکے ہیں ، پولیس اور دیگر سکیورٹی حکام کی جانب سے گینگ کا خاتمہ کرنے اور علاقے میں قیام امن کیلئے کوششیں جاری ہیں ۔

مزید : پشاورصفحہ اول