کے الیکٹرک کو لوڈشیڈنگ نہ کرنے کا پابند کیا جائے، پیپلزپارٹی

کے الیکٹرک کو لوڈشیڈنگ نہ کرنے کا پابند کیا جائے، پیپلزپارٹی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان پیپلز پارٹی کے اراکین صوبائی اسمبلی ساجد جوکھیو، شمیم ممتاز اور شاہینہ شیر علی نے کہا ہے کہ کراچی میں روز بروز گرمی کی شدت میں اضافے کے باوجود کے الیکٹرک کی جانب سے بجلی کی لوڈشیڈنگ کے دورانیے کو کم نہ کرنے اورعالمی مارکیٹ میں خام تیل کی انتہائی کم قیمتوں پر فروخت کے باوجود فرنس آئل سے چلنے والے پیداواری یونٹس تاحال بند کررکھے ہیں، کے الیکٹرک کو گرمیوں میں لوڈشیڈنگ نہ کرنے کا پابند کیا جائے۔ پی پی پی میڈیا سیل سندھ سے جاری ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ستم بالائے ستم یہ ہے کہ کوئی بھی ملکی ادارہ کے الیکٹرک کے خلاف ایکشن لینے کیلئے تیار نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح دہشت گرد معصوم شہریوں کو قتل عام کرتے ہیں جس پر تمام ریاستی ادارے حرکت میں آجاتے ہیں اسی طرح گزشتہ سال گرمیوں میں ہیٹ ویو کے دوران 12سو سے زائد شہریوں کی ہلاکت میں کے الیکٹرک کا جرم بھی ثابت ہوچکا ہے اورجرم ثابت ہونے پر نیپرا نے ایک کروڑ روپے کا کے الیکٹرک پر جرمانہ بھی عائد کیا ہے کہ یہ ادارہ 12سو سے زائد بے گناہ معصوم شہریوں کے قتل عام میں برابر کا شریک تھا لیکن چونکہ اس کمپنی کے مالکان کا تعلق ایک مخصوص خلیجی ملک سے ہے اس وجہ سے اس ادارے کی طرف کوئی میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا اسی وجہ سے کے الیکٹرک نے ملک میں ریاست کے اندر ریاست قائم کررکھی ہے اور کسی بھی ملکی قوانین پر عمل کرنے پر تیار نہیں جبکہ عوام بے بسی کی تصویر بنے ہوئے ہیں۔ انہوں نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا کہ کے الیکٹرک کا محاسبہ کیا جائے اور اسے ریاست کے کنٹرول میں لے کرایڈمنسٹریٹر کا تقرر کیا جائے اور کے الیکٹرک کی انتظامیہ کے تمام افراد کے نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں ڈالے جائیں۔