کراچی،ڈاکٹرسلیم الزماں صدیقی کو گزرے 22برس ہوگئے

کراچی،ڈاکٹرسلیم الزماں صدیقی کو گزرے 22برس ہوگئے

  



کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان کے عظیم سائنسدان اور دانشور پروفیسر ڈاکٹر سلیم الزماں صدیقی کی 22 ویں برسی بین الاقوامی مرکز برائے کیمیائی و حیاتیاتی علوم (آئی سی سی بی ایس)، جامعہ کراچی میں عقیدت کے ساتھ منائی گئی۔ آئی سی سی بی ایس، جامعہ کراچی کے سرپرستِ اعلیٰ پروفیسر ڈاکٹر عطاالرحمٰن، آئی سی سی بی ایس جامعہ کراچی کے سربراہ پروفیسر ڈاکٹرمحمد اقبال چوھدری سمیت ادارے کے دیگر اساتذہ، نوآموز محققین اور ملازمین نے ملک کے عظیم سائنسدان کی قبر پر حاضری دی اور مرحوم کے ایصالِ ثواب کے لئے فاتحہ خوانی بھی کی۔ علمی میں حلقوں میں پروفیسر سلیم الزماں صدیقی کو طبعی اور سماجی علوم میں یکساں طور پر معتبر سمجھا جاتا ہے، وہ نہ صرف ایک معتبر سائنسدان بلکہ مستند مصور، شاعر، نقاد، فلسفی اور سائنسی مفکر بھی تھے۔ ڈاکٹر سلیم الزماں صدیقی 19 اکتوبر 1897ء میں بھارت کے شہر لکھنو کے قریب سبیھا (بارہ بنکی) میں پیدا ہوئے، انھوں نے فارسی ادبیات اور فلسفے میں بی اے کی ڈگری حاصل کی جبکہ 1927ء میں جرمنی سے پی ایچ ڈی کی سند حاصل کی، لکھنؤ کی علمی روایات ان کی شخصیت میں رچ بس چکی تھی، وہ متعدد تعلیمی و تحقیقی اداروں کے سربراہ بھی رہے اور تاسیسی اراکین میں انکی شمولیت بھی رہی ہے، ان اداروں میں پاکستان اکیڈمی آف سائنسز، ڈرافٹنگ کمیٹی آف پاکستان سائنس کمیشن اور پاکستان کونسل آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے نام قابلِ ذکر ہیں۔ ڈاکٹر سلیم الزماں صدیقی نے معروف تحقیقی ادارے ایچ ای جے ریسرچ انسٹی ٹیوٹ آف کیمسٹری کی بھی بنیاد جامعہ کراچی میں رکھی تھی، ان کی سائنسی خدمات کے اعتراف میں انھیں1961ء میں انتہائی قابلِ احترام بین الاقوامی اعزاز فیلو آف دی رائل سوسائٹی (FRS) لندن سے سرافراز کیا گیا۔ انکی 400 سے زیادہ کتب شائع ہوچکی ہیں جو ا ن کی علمی خدمات کا عملی ثبوت ہیں۔واضح رہے کہ ڈاکٹر سلیم الزماں صدیقی طویل علالت کے دوران حرکتِ قلب بند ہوجانے سے 14 اپریل 1994 ء کو خالق حقیقی سے جا ملے تھے۔ شیخ الجامعہ کراچی پروفیسر ڈاکٹر محمد قیصر، پروفیسر ڈاکٹر عطاالرحمٰن اور پروفیسر ڈاکٹرمحمد اقبال چوھدری نے عظیم سائنسدان کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاہے کہ پاکستان کے لئے ان کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔

مزید : کراچی صفحہ آخر


loading...