پولیس فورس سے سیاسی اثر ورسوخ کا خاتمہ کردیا ہے ،محمود خان

پولیس فورس سے سیاسی اثر ورسوخ کا خاتمہ کردیا ہے ،محمود خان

  



نوشہرہ (بیورورپورٹ)خیبرپختونخواکے وزیر کھیل ،ثقافت ،آثارقدیمہ اورامورنوجوانان محمودخان نے کہا ہے کہ خیبرپختونخواپولیس کے نوجوانوں نے صوبے میں امن وآمان کے قیام اورعوام کے جان ومال کے حفاظت کے لئے بیش بہا قربانیاں دی ہیں۔انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت نے پولیس کے جوانوں کو جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے مختلف تربیتی کورسز کا اہتمام کیا ہے تاکہ وہ بہتراندازمیں جرائم اوربدامنی کے خاتمے میں احسن طریقے سے اپنے فرائض انجام دے سکیں۔ان خیالات کااظہار انہوں نے جمعرات کے روز پولیس لائن نوشہرہ میں بم ڈسپوزل سکول میں بارودی مواد کوناکاربنانے کی تربیت حاصل کرنے والے پولیس افسروں اورجوانوں میں تقسیم اسناد کے سلسلے میں منعقدہ تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر اے آئی جی (بی ڈی یو)خیبرپختونخوا شفقت ملک نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں یہ پہلاسکول ہے جوخیبرپختونخوا حکومت کا ایک عظیم کارنامہ ہے جو جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے پولیس نوجوانوں کو بارودی مواد ناکارہ بنانے کی تربیت دے رہا ہے اورایک سال کے دوران 44 مختلف کورسز مکمل کیئے ہیں۔ صوبائی وزیر محمودخان نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت نے صوبے میں پولیس فورس سے سیاسی اثرورسوخ کاخاتمہ کرکے خودمختاربنادیا ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ فرانزک لیبارٹری کے قیام کے لئے بھی بھرپورکوششیں کریں گے ۔قبل ازیں صوبائی وزیر نے پولیس لائن نوشہرہ میں شہدا ء کی یادگارپرپھول چڑھائے ۔ آخرمیں انہوں نے بم ڈسپوزل تربیت مکمل کرنے والے پولیس جوانوں میں سرٹیفیکٹ تقسیم کیئے ۔

مزید : پشاورصفحہ آخر


loading...