روائیونڈمارچ سے قبل ہی وزیراعظم استعفیٰ دیدیں گے،اعجازچوہدری

روائیونڈمارچ سے قبل ہی وزیراعظم استعفیٰ دیدیں گے،اعجازچوہدری

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(نمائندہ خصوصی)پاکستان تحریک انصاف پنجاب کے سابق صدر اعجاز احمد چو ہدری نے کہا ہے کہ حکمران الزام تراشی کرنے کے بجائے اربوں روپوں کا حساب دیں حکمران عوام کو بے وقوف نہیں بنا سکتے ،وزیراعظم الزام لگانے کے بجائے اپنے گریبانوں میں جھانکیں 30سال سے شریف خاندان اقتدار کے مزے لوٹ رہا ہے لیکن اپنے علا ج کے لئے ملک میں ایک ہسپتال بھی نہیں بنا سکا، (ن) لیگ بوکھلاہٹ کا شکار ہو چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکمران ٹولے کے دن گنے جا چکے ہیں رائے ونڈ مارچ کی نوبت نہیں آئے گی اس سے پہلے ہی نواز شریف استعفیٰ دے دیں گے پیپلز پارٹی کی دوغلی پالیسی اور مک مکا کی سیاست ایک بار پھر قوم کے سامنے عیاں ہو گئی۔ (ن) لیگ نے آزاد کشمیر کے انتخابا ت سے پہلے ہی پری پول دھاندلی کا آغاز کر دیا ہے بڑے پیمانے پر جعلی ووٹوں کا اندراج کیا جا رہا ہے۔ وہ گزشتہ روز آزاد کشمیر پبلک سیکرٹیریٹ میں مرکزی جنرل سیکرٹری غلام محی الدین دیوان سے ملاقات کے موقع پرگفتگو کر رہے تھے ۔انہوں نے کہا کہ24اپریل یوم تاسیس کے پروگرام کے حوالے سے صوبے بھر میں کارکنوں کو متحرک کر نے کے لئے رابطوں کا سلسلہ شروع کر دیا ہے ۔ پنجاب میں ڈاکٹر سڑکوں پر احتجاج کرنے پر مجبور ہیں لیکن حکمرانوں کے کانوں تک جوں نہیں رینگ رہی حکومت فوری طور پر ڈاکٹروں کے مسائل حل کرے حکومت کی نا اہلی یہاں تک پہنچ چکی ہے کہ سرکاری ہسپتالوں کی کروڑوں روپوں کی دوائیں عملے کی ملی بھگت سے باہر بک رہی ہیں جو کہ غریب مریضوں کے ساتھ سراسر زیادتی کے مترادف ہے ۔