، پاک ترک اقتصادی سرگرمیوں کو فروغ دینا چاہتے ہیں، رفیق رجوانہ

، پاک ترک اقتصادی سرگرمیوں کو فروغ دینا چاہتے ہیں، رفیق رجوانہ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور ( نمائندہ خصوصی)گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے کہا کہ پاکستان اور ترکی کے درمیان محبت اور اعتماد کا جو رشتہ ہے اُس کی نظیر دنیا میں کہیں نہیں ملتی جبکہ دونوں ممالک کے عوام میں پیار اور محبت کا رشتہ بھی اپنی مثال آپ ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گرینڈ نیشنل اسمبلی ترکی کے سپیکر اسماعیل خرامان سے گفتگو کے دوران کیا۔ جنہوں نے گورنر ہاؤس لاہور میں اُن سے ملاقات کی۔ اس موقع پر صوبائی وزیر برائے لیبر راجہ اشفاق سرور، صوبائی وزیر برائے خزانہ عائشہ غوث پاشا ، ایم این اے پرویز ملک اور خواجہ احمد حسان بھی موجود تھے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ آج پاکستان بالخصوص صوبہ پنجاب میں عوامی ترقیاتی منصوبوں کی بڑی تعداد برادر ملک ترکی کے تعاون سے ہی پایہ تکمیل کو پہنچ رہی ہے لاہور میٹرو بس سروس اس کی زندہ مثال ہے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ترکی کے درمیان دو طرفہ باہمی تعلقات اس بات کا ثبوت ہیں کہ دونوں ملک اقتصادی اور معاشی سرگرمیوں کو فروغ دینا چاہتے ہیں انہوں نے کہا پاکستان مسلم ممالک کے ساتھ تجارتی روابط کو فروغ دینے کے لیے کوشاں ہے تا کہ مسلم اُمہ معاشی ترقی کے عمل میں ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ کر سکیں۔ ترکی پارلیمنٹ کے سپیکر اسماعیل خرامان نے کہا یہ ایک حقیقت ہے جس کا میں برملا اعتراف کر رہا ہوں کہ مجھے پاکستان میں رہتے ہوئے یہ محسوس ہی نہیں ہو رہا کہ میں اپنے ملک ترکی سے باہر ہوں۔ اس موقع پر معزز مہمان کو محکمہ تعلقات عامہ پنجاب کی جانب سے اُن کے دورہ لاہور کی مصروفیات پر مبنی تصاویر کی البم بھی پیش کی گئی۔