شہباز شریف نے منصوبوں میں شفافیت، معیار اور تیز رفتاری کے کلچر کو فروغ دیکر مثال قائم کی ہے،سپیکر گرینڈ نیشنل اسمبلی ترکی

شہباز شریف نے منصوبوں میں شفافیت، معیار اور تیز رفتاری کے کلچر کو فروغ دیکر ...

  



لاہور(خصوصی رپورٹ) وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے یہاں ترکی کی گرینڈ نیشنل اسمبلی کے سپیکر اسماعیل خرامان نے ملاقات کی۔ ترکی کی گرینڈ نیشنل اسمبلی کے سپیکر اسماعیل خرامان نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ شہبازشریف صوبہ پنجاب کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کیلئے بے پناہ محنت سے کام کر رہے ہیں اور انہوں نے فلاح عامہ کے منصوبوں میں شفافیت، اعلیٰ معیار اور تیز رفتاری کے کلچر کو فروغ دے کر مثال قائم کی ہے۔ سپیکر ترکش گرینڈ نیشنل اسمبلی نے وزیر اعلیٰ کی غیر معمولی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ شہباز شریف نے عوامی خدمت کی نئے جہتیں متعارف کرائی ہیں جو لائق تحسین ہیں۔انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کی پر عزم اور ویژنری قیادت میں پنجاب حکومت فلاح عامہ کے جامع ایجنڈے پرتیزی سے عمل کر رہی ہے اور مجھے خوشی ہے کہ ہمارے بھائی شہباز شریف نے صوبے میں معاشی ترقی، روزگار کے نئے مواقع کی فراہمی اور اچھی طرز حکمرانی کے قیام کی جانب نمایاں پیش رفت کی ہے اور عوام کو اچھی خدمات کی فراہمی کے حوالے سے وزیراعلیٰ پنجاب ایک لیڈنگ اپروچ رکھتے ہیں جس کی جتنی بھی تعریف کی جائے کم ہے۔ اسماعیل خرامان نے کہا کہ میٹرو بس پراجیکٹس ، دانش سکولز، انفراسٹرکچر، تعلیم اور صحت کے شعبوں میں وزیراعلیٰ نے جو سنگ میل حاصل کئے ہیں وہ مثالی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم پنجاب حکومت کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے کے خواہاں ہیں اور مستقبل میں پنجاب حکومت کیساتھ اشتراک کارمزید بڑھائیں گے۔ وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ترکی کی حالیہ قیادت کے دور میں دونوں ملکوں کے تعلقات میں وسعت آئی ہے۔ ترکی نے ہر مشکل کی گھڑی میں پاکستان کے عوام کا بھرپور ساتھ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سپیکر گرینڈ نیشنل اسمبلی ترکی کے دورہ پاکستان سے دونوں ملکوں کے مابین سماجی، معاشی و تجارتی شعبوں میں تعاون مزید بڑھے گا۔ ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں میں پاک ترک تجارتی و معاشی تعلقات بڑھانے اور مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ پر بات چیت ہوئی۔

مزید : ملتان صفحہ اول