بھارت نے بینکوں کے 9000کروڑ ہڑپ کرنے والے وجے مالیا کاسفارتی پاسپورٹ معطل کر دیا ،گرفتاری کے لئے انٹرپول سے رابطے کا فیصلہ

بھارت نے بینکوں کے 9000کروڑ ہڑپ کرنے والے وجے مالیا کاسفارتی پاسپورٹ معطل کر ...
 بھارت نے بینکوں کے 9000کروڑ ہڑپ کرنے والے وجے مالیا کاسفارتی پاسپورٹ معطل کر دیا ،گرفتاری کے لئے انٹرپول سے رابطے کا فیصلہ

  



نئی دہلی(مانیٹرنگ ڈیسک )بھارتی وزارت خارجہ نے شراب کے کاروبار سے وابستہ صف اول کے بزنس مین اور بینکوں کا9000کروڑ ہڑپ کرنے والی مشہور کاروباری شخصیت وجے مالیا کا سفارتی پاسپورٹ معطل کر دیا ہے ۔

بھارتی ٹی وی چینل ’’زی نیوز ‘‘ کے مطابق انفورسمنٹ ڈارئیکٹوریٹ (آئی ڈی )نے بینکوں کے 9000کروڑ ہڑپ کرنے ،دھوکہ دہی اور منی لانڈرنگ کیس میں تعاون نہ کر نے کی بنیاد پر بھارتی وزارت خارجہ سے وجے مالیا کا پاسپورٹ معطل کرنے کی سفارش کی تھی۔ انفورسمنٹ ڈارئیکٹوریٹ (آئی ڈی ) کا کہنا تھا کہ وجے مالیا کو ان کے خلاف قائم مقدمات میں ذاتی طور پر پیش ہونے کے لئے 3 بار 18 مارچ، 2 اپریل اور 9 اپریل کو انفورسمنٹ ڈارئیکٹوریٹ (آئی ڈی )کے سامنے بلایا گیا تھا، لیکن تینوں ہی مرتبہ انہوں نے تحقیقاتی کمیٹی کے سامنے پیش ہونا گوارا نہیں کیا اور نہ ہی تفتیشی افسران سے کسی قسم کا تعاون کیا ،جس کی وجہ سے تحقیقات آگے بڑھانے میں تاخیر ہو ئی۔واضح رہے کہ وجے مالیا 2 مارچ کو اپنے سفارتی پاسپورٹ کے ذریعے برطانیہ چلے گئے تھے ، راجیہ سبھا کا رکن ہونے کی وجہ سے انہیں سفارتی پاسپورٹ جاری کیا گیا تھا ۔قانون کے تحت جب کسی شخص کو سفارتی پاسپورٹ جاری کیا جاتا ہے تو اس کا عام پاسپورٹ اور دیگر سفری دستاویزات جمع کر لی جاتی ہیں اور جب سفارتی پاسپورٹ منسوخ کیا جاتا ہے تو وہ دستاویزات بھی منسوخ تصور ہوتی ہیں ۔وجے مالیا کے سفارتی پاسپورٹ کی منسوخی کے بعد انفورسمنٹ ڈارئیکٹوریٹ (آئی ڈی )عدالت سے ان کے ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کر کے انٹرپول سے رابطہ کرے گا ،جبکہ بھارتی وزرات خارجہ برطانوی حکام کو اس کے بارے میں مطلع کرکے وجے مالیا کی ہندوستان حوالگی کا مطالبہ کیا جائے گا ۔

مزید : بین الاقوامی