راجن پور :چھوٹو گینگ کےخلاف فوجی آپریشن شروع ،فائرنگ کا تبادلہ
راجن پور (مانیٹرنگ ڈیسک)پاک فوج نے کچے کے علاقے میں چھوٹو گینگ نامی جرائم پیشہ عناصر کے گروہ کے خلاف آپریشن شروع کردیا ہے ۔پاک فوج کے آپریشن سے قبل چھوٹو گینگ پھوٹ پڑ گئی اور 40کارندوں نے فوج کے خوف سے گھبراہٹ کا شکار ہو کر ہتھیار ڈال دئیے۔
تفصیل کے مطابق پاک فوج نے کچہ جمال کے علاقے میں شام بجے سے صبح6بجے تک کرفیو نافذ کردیا چھوٹو گینگ کے خلاف آپریشن شروع کردیا ہے اور اس دوران فائرنگ کا تبا دلہ جاری ہے ،پاک فوج کی جانب سے بھاری ہتھیاروں کا استعمال کیا جا رہاہے ۔میڈ یا رپورٹس کے مطابق پاک فوج کے گن شپ ہیلی کاپٹر چھوٹو گینگ کے ٹھکانوں پر فائرنگ بھی کر رہے ہیں ۔
قبل ازیں نجی نیوز چینل دنیا نیوز کے مطابق راجن پور میں کچے کے علاقے میں پاک فوج نے چھوٹو گینگ کے خلاف کارروائی کی تیاری مکمل کرلی ہے تاہم اس سے فوج کی جانب سے کسی کارروائی سے پہلے ہیں چھوٹو گینگ کے 40کارندوں نے گھبراہٹ کا شکار ہو کر فوج کے سامنے ہتھیا ر ڈال دئیے ہیں ۔ان کا کہنا ہے کہ ہم پاک فوج کی عزت کرتے ہیں اور فوج کا سامنا نہیں کر سکتے ۔چھوٹو گینگ کے سرغنہ کا کہنا ہے کہ میری پاک آرمی سے کوئی دشمنی نہیں ہے اور نہ ہی میں ”را“کا ایجنٹ ہوں ،اگر پاک آرمی مذاکرات کرے گی تو ہتھیار ڈالنے کے لیے تیار ہوں ۔
واضح رہے کہ فوج نے کچے کے علاقے کے داخلی اور خارجی راستے سیل کردئیے ہیں تاکہ چھوٹو گینگ کا سرغنہ فرار نہ ہو سکے اور گزشتہ رات بھی چھوٹو گینگ کے سرغنہ کے فرار ہونے کی کوشش ناکام بنا دی گئی تھی ۔چھوٹو گینگ میں کل 150جرائم پیشہ افراد شامل ہیں جن میں سے 40افراد ہتھیار ڈال چکے ہیں ۔کچے کے علاقے میں گزشتہ 18روز سے پنجاب پولیس چھوٹو گینگ کے خلاف کارروائی کر رہی ہے اور اس دوران پولیس کے 9اہلکار شہید ہوئے جبکہ 22اہلکاروں کو چھوٹو گینگ نے یر غمال بنا لیا تھا ۔چھوٹو گینگ نے پولیس کے ساتھ مذاکرات سے بھی انکار کردیا تھا ۔