داعش قیمتی نوادارت کی فروخت سے 20کروڑ ڈالر سالانہ کما کر دنیا میں دہشت پھیلا رہی ہے ،اقوام متحدہ کاروائی کرے :روس
ماسکو(مانیٹرنگ ڈیسک)عالمی دہشت گرد تنظیم داعش پوری دنیا کے لئے بڑا خطرہ بن چکی ہے ،داعش کے پاس موجود ہ وسائل نے عالمی قوتوں کو خوفزدہ کر دیا ۔سابقہ سپر پاور روس نے بھی اقوام متحدہ سے داعش کے خلاف بڑا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ داعش صرف نوادرات اور تاریخی آثار کے خزانے کی غیر قانونی تجارت سے سالانہ پندرہ سے بیس کروڑ ڈالرز کما رہی ہے اوریہی رقم دہشت گردی کے لیے بھی استعمال ہورہی ہے،اقوام متحدہ امن فوج کے ذریعے شام اور عراق میں عالمی اہمیت کی حامل ایک لاکھ ثقافتی اشیاء اورساڑھے چار ہزار آثار قدیمہ اس وقت داعش کے کنٹرول میں ہیں انہیں آزاد کرائے ۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق روسی وزارت خارجہ کی ترجمان کا کہنا ہے کہ نوادرات اور تاریخی آثار کے خزانے کی غیر قانونی تجارت سے انتہا پسند سالانہ پندرہ سے بیس کروڑ ڈالرز کما رہے ہیں اوریہی رقم دہشت گردی کے لیے بھی استعمال ہورہی ہے ۔روسی ترجمان کا کہنا تھا کہ شام اور عراق سے لوٹے گئے نوادرات کو ترکی کے علاقے کے ذریعے اسمگل کیا جاتا ہے ،وہاں نیلامی کے ذریعے یہ نوادرات فروخت کی جاتی ہیں اور پھر نوادرات کی دکانوں کے ایک نیٹ ورک کے ذریعے انھیں مقامی مارکیٹ میں پھیلا دیا جاتا ہے۔روسی وزارت خارجہ نے اقوام متحدہ سے مطالبہ کرتے کہا کہ امن فوج کے ذریعے شام اور عراق میں داعش کی غیر قانونی تجارت کا خاتمہ کرتے ہوئے فوراًاس کا تدارک کرے اوردنیا بھر میں وحشت پھیلانے کا خواب دیکھنے والی داعش کاقلع قمع کیاجائے۔