واپڈا کے تین منصوبے اسلامی ترقیاتی بینک کے کامیاب منصوبوں میں شامل

واپڈا کے تین منصوبے اسلامی ترقیاتی بینک کے کامیاب منصوبوں میں شامل

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(کامرس رپورٹر)اسلامی ترقیاتی بنک نے واپڈا کے تین ہائی ہیڈہائیڈرو پاور منصوبوں بشمول خان خواڑ ، الائی خواڑ اور دُبیرخواڑ کو اپنی مالی معاونت سے تعمیر کئے گئے کامیاب منصوبوں کی رپورٹ کے لئے منتخب کرلیا ہے۔ رکن ممالک میں مکمل کئے جانے والے منصوبوں کے بارے میں تیار کی جانے والی یہ رپورٹ رواں سال مئی میں سعودی عرب کے شہر جدہ میں ہونے والے اسلامی ترقیاتی بنک کے بورڈآف گورنرز کے 42ویں سالانہ اجلاس میں پیش کی جائے گی ۔رپورٹ کا مقصد اسلامی ترقیاتی بنک کی جانب سے رکن ممالک میں گزشتہ چھ برسوں کے دوران بنک کے کامیاب اشتراک کو اجاگر کرنا ہے ۔اسلامی ترقیاتی بنک نے پاکستان کو خواڑ منصوبوں کی تعمیر کے لئے 150.2ملین امریکی ڈالر مالی معاونت فراہم کی تھی، اس معاونت میں الائی خواڑہائیڈرو پاور پراجیکٹ کے لئے 38.435ملین ڈالر ، خان خواڑ ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کے لئے 30.805ملین ڈالراور دُبیر خواڑ ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کے لئے 80.960ملین ڈالر مہیا کئے گئے۔واضح رہے کہ ہائی ہیڈ ہائیڈرو پاور منصوبے خواڑ پن بجلی منصوبوں کے نام سے جانے جاتے ہیں ۔یہ تینوں پن بجلی گھر صوبہ خیبر پختونخوا میں دریائے سندھ کے معاون دریاؤں پر تعمیر کئے گئے ہیں۔ 72میگاواٹ پیداواری صلاحیت کے خان خواڑ ہائیڈرو پاور پراجیکٹ ضلع شانگلہ میں بشام کے قریب 2012ء میں مکمل کیا گیا ۔ 121میگاواٹ کا الائی خواڑ ہائیڈرو پاور پراجیکٹ 2013ء میں بشام کے قریب ضلع بٹگرام میں جبکہ 130میگاواٹ کا دُبیر خواڑ ہائیڈرو پاور پراجیکٹ 2014ء میں پٹن کے نزدیک ضلع کوہستان میں مکمل کیا گیا تھا۔ ان تینوں منصوبوں سے بجلی پیدا کرنے کی مجموعی صلاحیت 323 میگاواٹ ہے۔اپنی تکمیل کے بعد پن بجلی منصوبے نیشنل گرڈ کو 5ہزار 70ملین یونٹ سستی اور ماحول دوست بجلی فراہم کرچکے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق خان خوار ہائیڈرو پاور پراجیکٹ نے اب تک تقریباً1269ملین یونٹ ، الائی خواڑ ہائیڈرو پاور پراجیکٹ نے تقریباً1956 ملین یونٹ اور دُبیر خواڑ ہائیڈرو پاور پراجیکٹ نے تقریباً1845ملین یونٹ بجلی مہیا کی ہے ۔


مذکورہ تینوں منصوبے ملکی اقتصادیات کے استحکام اور معاشرتی ترقی میں اہم کردار ادا کررہے ہیں ۔

مزید :

کامرس -