امیر الدین میڈیکل کالج کے زیر اہتمام گرین ویک منایا گیا
لاہور(جنرل رپورٹر) پرنسپل پی جی ایم آئی و جنرل ہسپتال پروفیسر ڈاکٹر غیاث النبی طیب کی ہدایت پر امیر الدین میڈیکل کالج میں گرین ویک کے نام سے ہفتہ منایا گیا جس کا مقصد بڑھتی ہو ئی گلوبل وارمنگ کے خلاف اقدامات اور پاکستان کو سر سبز بنانے کی کوششوں کو فروغ دینا تھا۔ گزشتہ روز گرین ویک کے اختتامی روز طلبا و طالبات کے اے ایم سی کیمپس میں مختلف مقامات پر 350پودے لگائے گئے۔ طلبا کو کالج کے احاطے میں 500پودے لگانے کا ٹارگٹ دیا گیا ہے ۔ گرین ویک 2017کا سلوگن "کرہ ارض کے لئے شجر کاری" مقرر کیا گیا ہے ۔ اس موقع پر چیئر مین بورڈ آف مینجمنٹ پی جی ایم آئی و ایل جی ایچ سلمان غنی، پرنسپل پروفیسر غیاث النبی طیب ، جاوید اقبال بھٹی ممبر بی او ایم ، ایم ایس ڈاکٹر غلام صابر، سینئر صحافی واصف ناجی، فیکلٹی ممبرز اور طلبا اور طالبات کی بڑی تعداد موجود تھی۔ چیئر مین بورڈ اور پرنسپل نے میڈیا سے گرین ویک کے حوالے سے گفتگو کرتے ہو ئے کہا کہ بڑھتی ہو ئی گلوبل وارمنگ کی وجہ سے کرہ ارض پر انسانی زندگی کیلئے مشکلات بڑھتی جا رہی ہیں ۔ ہر شخص ا نفرادی سطح سے لیکر اجتماعی حیثیت میں درجہ حرارت میں اضافے ، سکڑھتے ہو ئے برف زاروں اور سمندر کی بلند ہو تی ہو ئی سطح سے پریشان ہے۔