13 سرکاری سکولز کو دانش سکولز اتھارٹی سے واپس لینے کا فیصلہ

13 سرکاری سکولز کو دانش سکولز اتھارٹی سے واپس لینے کا فیصلہ

  

لاہور(ایجوکیشن رپورٹر)پنجاب ٹیچرز یونین کے مرکزی صدر چوہدری سرفراز، چئیرمین سید سجاد اکبر کاظمی، رانا لیاقت علی، جام صادق پر مشتمل وفد نے ایڈیشنل سیکرٹری سکولز محمد اختر ، ڈی پی آئی سید ممتاز حسین وملک ریاض احمد سے کمیٹی روم میں مذاکرات کئے ۔مذاکرات نتیجہ خیز ثابت نہ ہو سکے تاہم ایڈیشنل سیکرٹری سکولز پنجاب نے کہا کہ پنجاب ٹیچرز یونین کے مطالبے پر لاہور کے 13 سرکاری سکولز کو دانش سکولز اتھارٹی سے واپس لینے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ان سکولز کے لئے اساتذہ کی بھرتی کا عمل بھی روک دیا گیا ہے جبکہ اساتذہ کی اپ گریڈیشن کی سمری حتمی منظوری کے لئے پنجاب کابینہ کو ارسال کر دی گئی ہے جس کا نوٹیفکیشن اگلے ماہ جاری ہونے کا امکان ہے۔

ان سروس اساتذہ کی پرموشن اور پیکیج کے لئے ضلعی سطح پر کمیٹیوں کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔ اور تمام اضلاع کو یہ ہدایت جاری کی جارہی ہے کہ 15مئی تک ان سروس پرموشن اور پیکیج نمٹا دیا جائے۔ پی ایس ٹی اساتذہ کے تمام امور ڈپٹی ڈی ای اوز کو سونپنے کے لئے رولز میں ترامیم کی سمری S&GDA کو ارسال کر دی گئی ہے جبکہ دیگر مسائل بھی جلد از جلد حل کردئیے جائیں گے۔مذاکرات کے بعد راہنماؤں نے فیصلہ کیا کہ 18اپریل کو شیڈول کے مطابق پنجاب اسمبلی کے سامنے 12بجے دن احتجاجی پروگرام ہوگا۔ ہمار ا احتجاج پُر امن ہے اگر اس میں رکاوٹ ڈالنے کی کوشش کی گئی تو حالات کی ذمہ داری انتظامیہ پر ہوگی۔

مزید :

میٹروپولیٹن 4 -